تیسرے ورلڈٹی ٹونٹی بلائنڈ کرکٹ کپ کا شیڈول جاری

245
Blind Cricket

اسلام آباد : ورلڈ بلائنڈ کرکٹ لمیٹڈ کی منظوری سے تیسرے ورلڈٹی ٹونٹی بلائنڈ کرکٹ کپ کا شیڈول جاری کردیا گیا،منگل کوپاکستان بلائنڈ کرکٹ کونسل کی طر ف سے جاری کردہ شیڈول کے مطابق ورلڈ ٹی ٹونٹی کرکٹ کپ 4سے 18دسمبرشہروں میں کھیلا جائےگا۔

ٹی ٹونٹی ورلڈ کپ میں آسٹریلیا،بنگلہ دیش، میزبان بھارت، نیپال ، پاکستان، جنوبی افریقہ اور سری لنکا کی ٹیمیں شرکت کررہی ہیں،ورلڈ کپ کےلئے جاری کردہ شیڈول کے مطابق ایونٹ کےلئے ٹیمیں 4دسمبرکو بھارت پہنچیں گی.

ورلڈ کپ کی افتتاحی تقریب دوپہر 3بجے بھارت کے شہر نئی دہلی میں ہوگی ، ایونٹ میں میچوں کا آغاز6دسمبر سے ہوگا، پہلے روز 3میچز کھیلے جائیں گے۔ پہلے میچ میں بھارت اور نیپال ، دوسرے میچ میں آسٹریلیا اور سری لنکا جبکہ تیسرے میچ میں پاکستان اور جنوبی افریقہ کی ٹیمیں مدمقابل ہوں گی۔7دسمبرکو پاکستان اوربھارت کی بلائنڈ کرکٹ ٹیموں کے درمیان میچ فرید آباد میں کھیلا جائے گا ، اسی روز نیپال اور بنگلہ دیش کی ٹیمیں فریدآباد جبکہ جنوبی افریقہ اور آسٹریلیا کی ٹیموں کے مابین میچ نئی دہلی میں کھیلا جائے گا۔

9دسمبرکوجنوبی افریقہ اور سری لنکا،دوسرے میچ میں نیپال اور آسٹریلیا جبکہ پاکستان اور بنگلہ دیش کی ٹیمیں آمنے سامنے ہوں گی،ورلڈ کپ میں 10دسمبرکوبھی 3میچ کھیلے جائیں گے جس میں بھارت اور آسٹریلیا کے درمیان میچ اندور میں ، دوسرا سری لنکا اور بنگلہ دیش ممبئی میں جبکہ تیسرا میچ جنوبی افریقہ اور نیپال کے درمیان نئی دہلی میں کھیلا جائے گا۔11دسمبرکوتین میچ کھیلے جائیں گے،پہلا میچ بھارت اورجنوبی افریقہ، دوسرا پاکستان اور سری لنکا جبکہ تیسرا میچ بنگلہ دیش اور آسٹریلیا کے درمیان کھیلا جائے گا۔

13دسمبرکوبھی 3 میچ کھیلے جائیں گے پہلے میچ میں بھارت اوربنگلہ دیش، دوسرے میں سری لنکا اورنیپال جبکہ تیسرا میچ آسٹریلیا اور پاکستان کے درمیان کھیلا جائے گا۔14 دسمبرکو بھارت اور سری لنکا کے مابین میچ گوا،نیپال اور پاکستان کے درمیان بنگلور جبکہ جنوبی افریقہ اوربنگلہ دیش کی ٹیمیں بھی بنگلورمیں مد مقابل ہوں گی،لیگ میچوں کے اختتام پر ٹاپ4 ٹیموں کے درمیان سیمی فائنلز کا آغاز15 دسمبر سے ہوگا۔ دونوں سیمی فائنل 15دسمبرکو کھیلے جائیں گے جبکہ ایونٹ کا فائنل مقابلہ 17 دسمبرکو ہوگا اسی روز ایونٹ کی اختتامی تقریب ہوگی۔18 دسمبرکو تمام ٹیمیں اپنے اپنے ملکوں کو روانہ ہوں گی۔