انڈونیشیا میں  زلزلے سے جاں بحق افراد کی تعداد 252 سے متجاوز

331

جکارتا: انڈونیشیا میں 5.6 شدت کے زلزلے اور لینڈ سلائیڈنگ کے نتیجے میں جاں بحق افراد کی تعداد252 سے تجاوز کر گئی ہے ۔امریکی جیولوجیکل سروے کے مطابق دوپہر کے آس پاس 5.6 شدت کا زلزلہ مغربی جاوا صوبے کے سیانجور علاقے میں آیا، جو دارالحکومت جکارتہ سے تقریبا 75 کلومیٹر کے فاصلے پر جنوب میں واقع ہے۔ منگل کے روز بھی امدادی کارکنوں نے کوششیں جاری رکھیں اور گھروں اور دیگر عمارتوں کے ملبے سے مزید لاشیں نکالنے کا کام چل رہا ہے۔ حکام کے مطابق مرکزی جزیرے جاوا میں پیر کو آنے والے 5.6 شدت کے زلزلے اور لینڈ سلائیڈنگ کے نتیجے میں اب تک 252 اموات ہو چکی ہیں جبکہ ملبے میں دبے افراد کی تلاش تاحال جاری ہے۔زلزلے کا مرکز جاوا کا قصبہ سیانجور تھا، جہاں کی مقامی انتظامیہ کے ترجمان ایڈم کا کہنا ہے کہ زلزلے کے نتیجے میں ہلاک ہونے والے افراد کی تعداد میں منگل کو اچانک اضافہ ہوا ہے۔ اس سے قبل انہوں نے 162 افراد کے ہلاک ہونے کی تصدیق کی تھی تاہم اب یہ تعداد بڑھ کر 252 ہو گئی ہے۔ ریسکیو ٹیموں کی جانب سے منگل کو بھی زلزلے اور لینڈ سلائیڈنگ کے نتیجے میں ملبے تلے دبے افراد کی تلاش جاری ہے۔جبکہ متعداد لواحقین نے اپنے پیاروں کی تدفین کا عمل شروع کر دیا ہے۔دوسری جانب انڈونیشیا کا قومی آفات سے نمٹنے والا ادارہ بی این پی بی اب بھی ہلاکتوں کی تعداد 62 بتا رہا ہے۔ انڈونیشین حکام نے گذشتہ ماہ ایک فٹ بال سٹیڈیم میں بھگدڑ کے نتیجے میں بھی ہلاکتوں کی تعداد میں بہت اتار چڑھا پیش کیا تھا۔بی این پی بی کا کہنا ہے کہ 25 افراد ملبے تلے دبے ہوئے ہیں کیونکہ ریسکیو مشن رات تک جاری رہا۔مزید بتایا گیا کہ دو ہزار سے زیادہ مکانات کو نقصان پہنچا ہے جبکہ گورنر رضوان کامل نے بتایا کہ 13 ہزار سے زیادہ لوگوں کا انخلا کرکے انہیں کیمپوں میں لے جایا گیا ہے۔