ایک سے زائد جائیدادیں رکھنے والوں کیلیے ڈیمڈ ٹیکس لازمی قرار

533
income tax
fbr increases tax on airline business class

اسلام آباد: فیڈرل بورڈ آف ریونیو(ایف بی آر)نے ایک سے زائد جائیدادیں رکھنے والے امیر لوگوں کیلیے ڈیمڈ ٹیکس کو بھی لازمی قرار دے دیا ہے۔

ایف بی آر کی جانب سے اس حوالے سے نوٹیفکیشن جاری کردیا گیا ہے، جس میں بتایا گیا ہے کہ ڈیمڈ ٹیکس کا اطلاق رواں ٹیکس ایئر 2022 سے ہی کردیا گیا ہے جو لوگ ٹیکس ائیر 2022 کیلیے انکم ٹیکس گوشوارے جمع کروائیں گے ان کے ساتھ ٹیکس دہندگان کو یہ فارم بھی پر کرکے جمع کروانا ہوگا۔

نوٹی فکیشن میں بتایا گیا ہے کہ جو ٹیکس دہندگان پہلے سے رواں سال کیلیے ٹیکس جمع کروا چکے ہیں انہیں بھی 31دسمبر تک یہ فارم الگ سے جمع کروانا ہوگا، ٹیکس دہندگان کو ڈیمڈ فارم میں اپنی زرعی، صنعتی،رہائشی و کمرشل سمیت تمام اقسام کی غیر منقولہ جائیداد کی تفصیلات فراہم کرنا ہوں گی۔

نوٹیفکیشن کے مطابق ٹیس دہندگان کو یہ بھی بتانا ہوگا کہ ڈیمڈ ٹیکس کے قابل اثاثوں کی مجموعی ویلیوکیا ہے، یہ بھی بتانا ہوگا کہ انکم ٹیکس آرڈیننس کی سیکشن سات ای کے تحت ڈیمڈ ٹیکس کیلئے کتنی ڈیمڈ آمدنی حاصل ہورہی ہے۔

ایف بی آر حکام کا کہنا ہے کہ حکومت کی طرف سے ڈیمڈ آمدنی پر ٹیکس عائد کیا گیا ہے اس ٹیکس کے تعین اور وصولی کیلئے ایف بی آر نے اکتوبر میں فارم متعارف کروایا تھا اور اب اس فارم کو رواں ٹیکس ائیر 2022 سے لازمی قرار دیدیا گیا ہے۔