جماعت اسلامی 25 نومبر کو ملک بھر میں یومِ انسدادِ سود منائے گی

186
fair elections

کراچی: امیرجماعت اسلامی سندھ سابق ایم این اے محمد حسین محنتی نے کہا ہے کہ جماعت اسلامی ان شاء اللہ 25نومبر کو ملک بھر میں یومِ انسداد سود کا دن منائے گی ۔

انہوں نے کہا کہ پورے پاکستان میں علمائے کرام جمعے کے خطاب میں خصوصی طور پر سود کیخلاف خطبات دیں گے،کارکنان جماعت سندھ میں کراچی تا کشمور جمعہ25نومبر کو یومِ انسداد سود جوش وخروش کے ساتھ منائے گی اور ملک میں سودی نظام کی جگہ اسلامی شرعی مالیاتی نظام رائج کرکے پاکستان سمیت دنیا بھر کے غریبوں کو سودی نظام سے نجات دلائیں گے۔

محمد حسین محنتی کا کہنا تھا کہ حکومت، اسٹیبلشمنٹ اور حزب مخالف کے درمیان اختیاراور اقتدار کی جنگ میں عوام مال غنیمت کی صورت اختیار کرچکے ہیں،طاقت کے حصول کی جنگ میں ہمیشہ عوام کو ہی ایندھن کے طور پر استعمال کیا جاتا ہے اور عوامی اشوز سے کسی کو کوئی مطلب نہیں جبکہ مسندِ اختیار اور اقتدار پر بیٹھے ہوئے بادشاہ گروں کو غربت کی لکیر سے نیچے بسنے والے کروڑوں لوگوں کے مسائل کی پروا ہے نہ ہی وہ ان کے مسائل کو حل کرنا چاہتے ہیں ان کا واحد مطلب مزید اقتدار اور طاقت حاصل کرنا ہے۔

انہوں نے کہا کہ بھوک افلاس اور ننگ کے مارے عوام پر حکمرانی کا خواب سب کا ہے مگر عوام کا ترجمان بن کر ان کے بنیادی مسائل کو حل کرنے کیلئے نہ تو حکمران تیار ہیں اور نہ ہی مقتدر اداروں کو دلچسپی ہے ،اقتدار اور اختیار کی جنگ کے تمام کردار وہ ہیں جنہیں عوام کی بھوک مٹانے کی بجائے مزید اختیارات اور اقتدار کو طول دینے کی فکر کے سوا کچھ بھی دکھائی نہیں دیتا۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے شکارپور میں اسلامی جمعیت طلبہ کے تحت منعقدہ ایک روزہ ”اسٹوڈنٹ میگا فیسٹویل ” سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر ممتاز علی بھٹو صدر آل پرائیوٹ اسکولز شکارپور،صفدرعلی پہوڑ ڈسٹرکٹ ایجوکیشن آفیسر ،پروفیسر محمد حسین سومرو صاحب پرنسپل حرا پبلک اسکول نے بھی خطاب کیا۔محمد حسین محنتی نے مزید کہا کہ قرآن مجید میں اللہ نے سود کی لین دین کو اللہ اور اس کے رسول ؐ کے خلاف جنگ قرار دیا ہے لیکن وطن عزیز میں قیام پاکستان سے لیکر اب تک سودی نظام قائم ہے ، حکمرانوں کی طرف سے بار بار اعلیٰ عدلیہ کے فیصلوں کیخلاف اپیلیں دائر کرنا کھلی جنگ ہے ،ہم حکومت پاکستان کو متنبہ کرتے ہیں کہ وہ فوری طور پر وفاقی شرعی عدالت کے فیصلے کو من وعن تسلیم اور آئی ایم سمیت تمام عالمی مالیاتی اداروں کے ساتھ سودی لین دین بند کرے۔

انہوں نے مزید کہا کہ ملک میں غریب عوام کے نام پر سیاست چمکائی جاتی ہے اور اختیار کی بساط بچھائی جاتی ہے لیکن ان کے فلاح وبہبود کے لیے ظالم حکمرانوں کے پاس کوئی منصوبابندی ہے نہ ہی وہ عوام کو حقیقی طور پر کسی قسم کا ریلیف دینے کے لیے تیار ہیں، جن کے ووٹ کو بنیاد بناکر اقتدار کی مسند پر براجماں ہوا جاتا ہے وہ آج بے بس اپنی تقدیر کا تماشہ دیکھ رہے ہیں۔