جماعت اسلامی کا 15 جنوری کو بلدیاتی انتخابات یقینی بنانے کا مطالبہ

352

کراچی: امیر جماعت اسلامی کراچی حافظ نعم الرحمن نے الیکشن کمیشن آف پاکستان کی جانب سے کراچی میں 15جنوری کو بلدیاتی انتخابات کروانے کے اعلان کا خیر مقدم کرتے ہوئے زور دیا ہے کہ الیکشن کمیشن مقررہ تاریخ پر انتخابات کا انعقاد یقینی بنائے اور سندھ حکومت کو بھی پابند کرے کہ ضروری انتظامات کرنے اور مطلوبہ نفری کی فراہمی میں اب کوئی رکاوٹیں ہرگز نہ ڈالے۔

ادارہ نور حق میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے حافظ نعیم الرحمن نے کہاکہ سندھ حکومت بھی اپنے غیر آئینی وغیر قانونی اقدامات اور جمہوریت دشمنی و کراچی دشمنی سے باز آجائے، بلدیاتی انتخابات اور اختیارات دونوں کراچی کے تین کروڑ سے زائد عوام کی ضرورت ہیں، سندھ حکومت سپریم کورٹ کے حکم کے مطابق آرٹیکل 140-Aکے تحت بلدیاتی اداروں کو اختیارات و وسائل فراہم کرے۔

انہوں نے کہاکہ  جب اختیارات چھینے جارہے تھے تب ایم کیو ایم ، پیپلز پارٹی کے ساتھ شریکِ اقتدار تھی پھر فرینڈلی اپوزیشن بنی رہی اور اب ایک بار پھر اتحادی حکومت کا حصہ بن کر ، پیپلز پارٹی کے ساتھ مل کر عوامی مینڈیٹ کا سودا کر کے وڈیروں اورجاگیرداروں کو مضبوط کررہی ہے ۔

امیر جماعت اسلامی کراچی کا کہنا تھا کہ  جماعت اسلامی واحد جماعت ہے جو اہل کراچی کا مقدمہ لڑ رہی ہے، سڑکوں پر بھی اور عدالتوںمیں بھی ،اسی لیے ہر گزرتے دن کے ساتھ جماعت اسلامی کی مقبولیت میں اضافہ ہو رہا ہے ۔ عوام کراچی میں جماعت اسلامی کا میئر دیکھنا چاہتے ہیں ۔ ہمارا میئر کراچی کے عوام کے دیرینہ مسائل حل کرے گا اور ان کی بھر پور ترجمانی کرے گا ۔

حافظ نعیم الرحمن نے مزید کہا کہ ایم کیو ایم اور پیپلز پارٹی ، دونوں کو اپنی شکست واضح نظر آرہی ہے، اسی لیے یہ اوچھے ہتھکنڈوں پر اُتر آئی ہیں ۔ صوبائی وزراء آمرانہ حربوں اور غیر جمہوری رویہ اختیار کرتے ہوئے لوگوں کو خریدنے اور ڈرانے دھمکانے پر اُتر آئے ہیں ۔ بلاول اور آصف زرداری ان لوگوں کو روکیں ۔ اس دھونس اور دھمکی کو ہر گز قبول نہیں کیا جائے گا ۔