نواز شریف، زرداری میں اتفاق ہے مارشل لا لگ جائے، فواد چودھری کا دعویٰ

275
martial law

لاہور: تحریک انصاف کے رہنما اور سابق وفاقی وزیر اطلاعات فواد چودھری نے دعوی کرتے ہوئے کہا ہے کہ سابق وزیراعظم نوازشریف، سابق صدر آصف علی زرداری میں اتفاق ہے ملک میں مارشل لا لگ جائے، مارشل لا کی راہ میں اگر کوئی رکاوٹ ہے تو تحریک انصاف ہے۔

فواد چوہدری  نے کہا کہ لانگ مارچ کے حوالے سے تیاریاں جاری ہیں، جمعہ کی رات کو 35 سے 40 ہزار لوگ راولپنڈی پہنچ جائیں گے، ہفتے کولاکھوں لوگوں کا اجتماع پنڈی میں ہوگا، 35 سے 40 ہزار لوگوں کے لیےاقبال پارک میں خیمہ بستی بنائی جارہی ہے، پورا نیا شہر بسے گا۔

پی ٹی آئی رہنما نے مزید کہا کہ ہفتہ کو عمران خان راولپنڈی میں آئندہ کا لائحہ عمل بتائیں گے، پاکستان میں سیاسی و معاشی استحکام کے لیے الیکشن ضروری ہیں، شہبازشریف کو کوئی آوازبھی دے تو جہاز پکڑ کر باہر چلے جاتے ہیں، پاکستان میں لوگوں کو پتا ہی نہیں انڈسٹری اور کامرس کا وزیر کون ہے، سارے وزیرملک سے باہرہیں، اب ہمارے وزیر بھی نامعلوم ہی ہیں۔

انہوں نے کہا کہ آج اگرملک میں مارشل لا نہیں تو عمران خان کی وجہ سے نہیں، نوازشریف نے ملک میں مارشل لا لگانے کی پوری کوشش کی، جو بھی آرمی چیف لگانا ہے لگائیں تاکہ معاملات آگے بڑھیں، غریب لوگوں کو تو اپنی روٹی کی فکر پڑی ہے۔