ٰخیبر پختونخوا حکومت کا اقدام، بی ایس تک تعلیم مفت کردی

608
education free

پشاور: خیبر پختونخوا کے تقریبا 320 کالجز میں بی ایس اور انٹر میڈیٹ کی سطح پر تعلیم اب مفت ہو گی۔ صوبائی حکومت 42 کامرس اور 275 جنرل کالجز میں زیر تعلیم طلبہ کی فیس حکومتی خزانے سے جمع کرے گی۔

صوبائی کابینہ اجلاس کے بعد پریس بریفنگ کے دوران خیبر پختونخوا کے وزیر برائے اعلیٰ تعلیم کامران بنگش نے کہا کہ صوبے کے مختلف کالجز میں میں زیر تعلیم تمام طلبہ سے لی گئی فیس بینک آف خیبر کے ذریعے واپس کر دی جائے گی۔

کامران بنگش کے مطابق رواں سال تعلیم کارڈ کے مد میں ایک ارب 5 کروڑ کی لاگت آئے گی۔ صوبائی وزیر کا کہنا تھا کہ حکومت نے صحت اور کسان کارڈ کے بعد تعلیم کارڈ کا بھی باقاعدہ اجرا کر دیا۔رواں سال خیبر پختونخوا حکومت نے بجٹ میں تعلیم کارڈ کے اجرا کا اعلان کر دیا تھا۔

تعلیم کارڈ کے لئے رقم بھی مختص کی گئی تھی۔ اس کے بعد تعلیم کارڈ کے حوالے سے سمری بھی منظور کی گئی تھی، لیکن بجٹ پیش ہونے کے بعد پانچ مہینے تک تعلیم کارڈ صرف اعلان تک محدود تھا۔ تاہم صوبائی کابینہ کے 83 ویں اجلاس میں تعلیم کارڈ کے اجرا کی باقاعدہ منظوری دی گئی، جس پر عملدرآمد بہت جلد شروع ہو جائے گا۔