یوکرین میں سرد موسم کا آغاز، لاکھوں افراد کی زندگیوں کو خطرہ لاحق

482
Cold weather

کیف: عالمی ادارہ صحت ( ڈبلیو ایچ او)نے یوکرین میں موسم سرما کے باعث لاکھوں افراد کی زندگیوں کو لاحق خدشے سے آگاہ کردیا۔

غیر ملکی میڈیا کے مطابق عالمی ادارہ صحت اور یورپ کے ریجنل ڈائریکٹر ڈاکٹر ہنس کلوگ کا کہنا تھا کہ یوکرین میں موسم سرما کا آغاز ہوگیا ہے جہاں کچھ علاقوں میں منفی 20ڈگری تک درجہ حرارت گرنے کا امکان ہے، ایسے میں یوکرین کی توانائی کا آدھا انفرااسٹرکچر تباہ حالی کا شکار ہے جس کی وجہ سے ایک کروڑ لوگ سرد موسم میں بجلی سے محروم ہیں۔

ڈبلیو ایچ او کے اندازے کے مطابق روس نے یوکرین کے صحت کے مراکز سمیت توانائی کے انفرااسٹرکچر پر بھی 703حملے کیے ہیں جس کی وجہ سے اسپتال ناصرف بجلی سے محروم ہیں بلکہ وہاں صحت کی سہولیات بھی موجود نہیں ہیں۔

ڈبلیو ایچ او کی جانب سے مزید کہا گیا ہے کہ موسم سرما میں لاکھوں لوگ اپنے گھروں کو چھوڑ کو محفوظ مقامات پر پناہ حاصل کرنے کے لیے روانہ ہوگئے ہیں،میڈیا رپورٹس کے مطابق گزشتہ ہفتے بھی روس نے یوکرین کے بجلی گھروں اور رہائشی عمارتوں کو نشانہ بنایا ہے۔