ممکنہ عدم اعتماد سے بچنے کیلیے صادق سنجرانی کے سیاسی رابطے

235

اسلام آباد: چیئرمین سینیٹ صادق سنجرانی کے ممکنہ تحریک عدم اعتماد سے بچنے کے لیے سیاسی جماعتوں سے رابطے جاری  ہیں۔

ذرائع کے مطابق انہوں نے پیپلزپارٹی، جے یو آئی اور بی این پی مینگل سے تعاون کی درخواست کی  ہے۔ جے یو آئی ف اور بی این پی مینگل نے صادق سنجرانی کو فوری طور پر کوئی جواب نہیں دیا جبکہ جے یو آئی اور بی این پی مینگل نے صادق سنجرانی سے پارٹی سطح پر مشاورت کے لیے مہلت مانگی ہے۔

ذرائع کا کہنا تھا کہ صادق سنجرانی پیپلزپارٹی کی قیادت سے ملاقات کے خواہشمند ہیں۔ صادق سنجرانی نے باہمی دوستوں کے ذریعے پیپلزپارٹی قیادت کو مفاہمت کے پیغامات بھجوائے ہیں تاہم پی پی قیادت نے صادق سنجرانی کے پیغامات کا کوئی جواب نہیں دیا۔

صادق سنجرانی جلد خیبرپختونخوا اور بلوچستان کی دیگر جماعتوں سے رابطے کر کے تعاون کی درخواست کریں گے۔