اسلام آباد میں بلدیاتی انتخابات کیلیے کاغذات نامزدگی کا مرحلہ مکمل

525

اسلام آباد: وفاقی دارالحکومت کے بلدیاتی انتخابات کے حوالے سے کاغذات نامزدگی جمع ہونے کا مرحلہ مکمل ہوگیا، جس کے بعد امیدواروں کی جانب سے  23 نومبر تک کاغذات نامزدگی مسترد یا منظور ہونے کے خلاف اپیلیں دائر کی جا سکیں گی۔

28 نومبر تک  اپیلوں پر فیصلے جب کہ  30 نومبر تک کاغذات نامزدگی واپس لیے جا سکیں گے۔ یکم د سمبر کو امیدواروں کو انتخابی نشانات الاٹ کئے جائینگے ۔ اسلام آباد میں بلدیاتی انتخابات کے لیے پولنگ 31 دسمبر 2022 کو ہوگی۔

الیکشن کمیشن کے جاری بیان کے مطابق اپیلیں ایڈیشنل سیشن ججز اسلام آباد کے دفاتر میں جمع کروائی جائیں گی۔   4 ایڈیشنل سیشن ججز کو اسلام آباد انتخابات کے لیے 101 یونین کونسلوں کے لیے اپیلیٹ اتھارٹی مقرر کیا گیا ہے۔ہر  ایڈیشنل سیشن ججز کو 25 یونین کونسلیں جبکہ ایک کو 26 یونین کونسلوں کے لیے ایپیلٹ اتھارٹی تعینات کیا گیا ہے۔

24 سے 28 نومبر تک تمام دائر شدہ اپیلوں پر فیصلے کیے جائیں گے ۔ اپیلوں پر فیصلوں کے بعد امیدواروں کی نظر ثانی فہرست  29 نومبر کو شائع کی جائے گی۔امیدوار 30 نومبر تک کاغذات نامزدگی واپس لے سکیں گے۔

یکم د سمبر کو امیدواروں کو انتخابی نشانات الاٹ کیے جائینگے ۔یکم دسمبر کو امیدواروں کی حتمی فہرست جاری کی جائے گی۔پولنگ 31 دسمبر 2022 کو ہوگی۔