اب ایک مولا جٹ جیسا گورنر کراچی میں موجود ہے،کامران ٹیسوری

394

کراچی: گورنر سندھ کامران ٹیسوری نے کہا ہے کہ اب ایک مولا جٹ جیسا گورنر شہر میں موجود ہے، عباسی شہید اسپتال کے مسائل کو جلد ازجلد حل کیا جائے گا۔

ایڈمنسٹریٹر کراچی مرتضی وہاب کے ہمراہ عباسی شہید اسپتال کے دورے کے موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کامران ٹیسوری کا کہناتھا کہ اس سے قبل عباسی شہید اسپتال کا دورہ کیا تو شعبہ ایمرجنسی اور آپریشن تھیٹر کے متاثر ہونے کا سن کر بہت افسوس ہوا،عہد کیا تھا کہ متعلقہ حکام سے بات کروں گا۔

انہوں نے کہا کہ اسپتال کے مسائل کے حل کیلئے پیپلز پارٹی سے بات کی تعاون پر وزیراعلی کا شکریہ ادا کروں گا، ایڈمنسٹریٹرکراچی مرتضی وہاب نے یقین دلایا ہے کہ توقع سے بڑھ کر کام کروں گا۔

کامران ٹیسوری کاکہنا تھا کہ ایڈمنسٹریٹر کراچی نے 80 فیصد باتیں یہیں حل کردی ہیں،حالات مزید بہتری کی طرف جائیں گے،فنڈز کے متعلق دو روز بعد پیش رفت دیکھیں گے،مولا جٹ جیسا گورنر بن کر کام بھی ویسا ہی ہوگا۔