سیکورٹی کی عدم دستیابی: آزاد کشمیر میں بلدیاتی انتخابات مرحلہ وار کروانے کا اعلان

335
Local body elections

مظفرآباد: وفاق کی جانب سے سیکیورٹی نہ ملنے پر الیکشن کمیشن نے آزادکشمیر میں بلدیاتی انتخابات مرحلہ وار کروانے کا اعلان کردیا۔

 چیف الیکشن کمشنر جسٹس ریٹائرڈ عبدالرشید سلہریا نے یہ اعلان پیر کی شام اپنے آفس چیمبر میں ہنگامی پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ ان کے ہمراہ سینئر ممبر الیکشن کمیشن راجہ فاروق نیازخان، سیکرٹری الیکشن کمیشن سردارغضنفرخان بھی موجود تھے۔

 چیف الیکشن کمشنر نے اگلے شیڈول کا اعلان کرتے ہوئے بتایا کہ 27نومبر کو مظفرآباد ڈویژن، 3دسمبر کو پونچھ ڈویژن جبکہ 8دسمبر کومیرپور ڈویژن میں بلدیاتی انتخابات کی پولنگ ہوگی۔

چیف الیکشن کمشنر نے بتایا کہ حکومت پاکستان نے 27اکتوبر کو ہی فورسسز دینے سے انکار کردیا تھا۔ ملک کے اندرونی حالات کے باعث وزارت داخلہ نے سیکیورٹی دینے سے انکار کردیا۔

آزادکشمیرحکومت نے دوبارہ تحریک کی اور دس نومبر کو وزارت داخلہ کا دوسری بار جواب آیا کہ فورسسز دستیاب نہیں ہے لہذا اب ہمارے پاس اور کوئی چارہ کار نہیں ہے حکومت نے پانچ ہزار سیکیورٹی فراہم کرنے کااعلان کیا ہے جس کیلئے آزادکشمیر پولیس کے ساڑھے چار ہزار پولیس اہلکار اور ریٹائرڈ پولیس اہلکاروں سمیت شہری دفاع کے رضاکارشامل ہونگے۔ اس سے قبل الیکشن کمیشن نے ساری صورتحال سے سپریم کورٹ کو آگاہ کیا جس کے مطابق بلدیاتی انتخابات کے لئے تمام انتظامات مکمل ہیں تاہم سیکیورٹی فراہم کرنا حکومت کا کام ہے۔