دعا فاؤنڈیشن کا سیلاب متاثرین کیلیے پینے کے پانی کا پلانٹ نصب

482

کراچی:سماجی تنظیم دعا فاؤنڈیشن کے تحت خیر پور میرس کی تحصیل فیض گنج میں پینے کے صاف پانی کا پلانٹ نصب کردیا گیا ہے۔ امریکی ٹیکنالوجی سے لیس یہ پلانٹ سیلابی پانی کو صاف کر کے پینے کے قابل بناتا ہے۔ اس پلانٹ سے تحصیل کے ہزاروں افراد مستفید ہوں گے۔

 اس موقع پر بات کرتے ہوئے دعا فاؤنڈیشن کے چیئرمین عامر خان اور وائس چیئرمین ممتاز عالم نے کہا کہ سیلاب زدہ علاقوں میں پینے کے پانی کا حصول ایک مشکل اور دقت طلب کام ہے، گندا پانی پینے سے پریشانی حال متاثرین میں مختلف امراض خصوصاً گیسٹرو، ڈائریا، دست، اسہال اور پیٹ کی دوسری بیماریوں کے ساتھ ٹائیفائڈ بھی پھیل رہا ہے۔

انہوں نے کہا کہ حکومتوں کے ساتھ ساتھ سماجی شعبے کو بھی سیلاب زدہ گھرانوں کی مدد کے لیے ابھی بہت کچھ کرنا باقی ہے۔ اس موقع پر مقامی افراد کا کہنا تھا کہ یہ پلانٹ ان کے لیے ایک نعمت سے کم نہیں۔

 گندا پانی پینے سے لوگوں خصوصاً بچوں میں صحت کے مسائل جنم لے رہے تھے۔ پلانٹ کی تنصیب سے نا صرف ان کو صحت بخش پانی میسر آیا ہے دوسری جانب ان کی مشکلات بھی کم ہوں گی۔

عامر خان کا کہنا تھا کہ دعا فاؤنڈیشن کی جانب سے دوسرے فلاحی کاموں کے ساتھ واٹر فلٹریشن پلانٹ کی تنصیب کا کام دوسرے اضلاع میں بھی کیا جائے گا۔ اب تک دادو، جھڈو، میرپور خاص، سانگھڑ اور دوسرے اضلاع میں متعدد پلانٹ نصب کیے جاچکے ہیں۔ جن سے ہزاروں سیلاب متاثرہ گھرانے استفادہ کر رہے ہیں۔