چمن: بابِ دوستی سے 7روز بعد دو طرفہ تجارت اور آمد و رفت بحال

286

چمن:بلوچستان کے ضلع چمن میں بابِ دوستی سے پاکستان اور افغانستان کے مابین 7 روز کی بندش کے بعد دو طرفہ تجارت اور پیدل آمد و رفت بحال ہو گئی۔

سرحد کو دونوں ممالک کے مابین کامیاب مذاکرات کے بعد کھولا گیا،کسٹم حکام کے مطابق بابِ د وستی پر کسٹم کلیئرنگ اور امیگریشن آپریشن دوبارہ شروع کر دیا گیا ہے۔

کسٹم حکام نے بتایا ہے کہ بابِ دوستی سے سینٹرل ایشیا کے لیے پاکستانی تازہ میوہ جات کی ایکسپورٹ بھی بحال ہو گئی ہے۔افغانستان سے ٹماٹر اور پیاز کی برآمد 7 روزہ تعطل کے بعد دوبارہ شروع ہوئی ہے۔بابِ دوستی کے دونوں جانب پاکستانی اور افغان سیکیورٹی فورسز ہائی الرٹ ہیں۔بابِ دوستی کھولنے کے بعد پاک افغان بارڈر فورسز نے ایک دوسرے کے ساتھ مصافحہ کیا۔واضح رہے کہ چمن میں بابِ دوستی کے مقام پر 13 نومبر کو افغانستان کی حدود سے ہونے والی فائرنگ کے نتیجے میں پاکستانی اہلکار کی شہادت کے بعد سرحد پر کشیدہ صورتِ حال پیدا ہو گئی تھی۔

کشیدگی کے باعث پاک افغان سرحد ہر قسم کی آمد و رفت اور تجارت کے لیے بند کر دی گئی تھی جس کے باعث سرحد کے دونوں جانب ہزاروں پاکستانی اور افغان شہری پھنس گئے تھے۔