سپریم کورٹ نے موٹر وے پر ہیوی بائیکس چلانے کا فیصلہ کالعدم قرار دیدیا

443

اسلام آباد: سپریم کورٹ نے موٹر وے پر ہیوی بائیکس چلانے کی اجازت دینے کے اسلام آباد ہائیکورٹ کے فیصلے کو کالعدم قرار دیدیا۔

سپریم کورٹ نے موٹر وے پر ہیوی بائیکس چلانے کی اجازت دینے کیخلاف کیس کا تحریری فیصلہ جاری کردیا۔ 9 صفحات پر مشتمل فیصلہ جسٹس محمد علی مظہر نے تحریر کیا جس میں موٹر وے پر ہیوی بائیکس چلانے کیخلاف وفاقی حکومت کی درخواست منظور کرلی گئی۔

سپریم کورٹ نے اپنے تفصیلی فیصلے میں موٹر وے پر ہیوی بائیکس چلانے کی اجازت دینے کے اسلام آباد ہائیکورٹ کے فیصلے کو کالعدم قرار دے دیتے ہوئے لکھا کہ موٹر ویز پر ہیوی بائیکس چلانے کی اجازت دینا خطرناک ثابت ہوسکتا ہے۔سپریم کورٹ کے فیصلے میں مزید کہا گیا کہ موٹر وے پر تیز رفتار ٹریفک موٹرسائیکل سواروں کے لیے خطرناک ثابت ہوسکتی ہے۔

شہریوں کی حفاظت کے لیے ہیوی بائیکس پر پابندی بنیادی حقوق کی خلاف ورزی نہیں۔فیصلے میں یہ بھی کہا گیا کہ قانون شہریوں کی جان و مال کی حفاظت کے لیے بنائے جاتے ہیں، حکومت کے پاس احتیاطی تدابیر کے تحت مخصوص علاقوں میں موٹر سائیکل پر پابندی کا اختیار ہے۔