الیکشن کمیشن نے عام انتخابات کے لیے حکمت عملی تیار کرلی

557
rejected

اسلام آباد: عام انتخابات کے لیے الیکشن کمیشن آف پاکستان نے حکمت عملی تیار کرلی ہے۔

نجی ٹی وی کی رپورٹ کے مطابق ذرائع کا کہنا ہے کہ عام انتخابات کے لیے غیرحساس میٹریل بھی خرید لیا گیا ہے، بیلٹ پیپرز کے لیے بھی کاغذ حاصل کرلیا گیا ہے۔ای سی ذرائع کا کہنا ہے کہ انتخابات کے لیے میٹریل کی پرنٹنگ جاری ہے جبکہ حلقہ بندیاں بھی مکمل ہوچکی ہیں، انتخابی فہرستیں اپ ڈیٹ، پولنگ اسٹاف کا تمام ڈیٹا، پولنگ اسٹیشنز کتنے ہوں گے اور کہاں کہاں ہوں گے سب ڈیٹا تیار کرلیا گیا ہے۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ انتخابی عملے کی تربیت کی تیاری بھی مکمل کرلی گئی ہے آر ایم ایس کے استعمال کی حکمت عملی بھی مرتب کرلی گئی ہے۔الیکشن کمیشن ذرائع کے مطابق آر او اور ڈپٹی آر اوز کی فہرستیں اور ڈیٹا تیار کرلیا گیا ہے سرکاری افسران کی فہرستیں بھی تین ماہ پہلے طلب کی گئی تھیں۔

ای سی ذرائع کا کہنا ہے کہ آر اوز اور ڈی آر اوز کی تقرریوں کا فیصلہ الیکشن کے قریب ہوگا آر اوز سے متعلق قانون میں تین کیٹیگریز بنائی گئی ہیں جس میں عدلیہ، بیورو کریسی اور الیکشن کمیشن کے افسران بھی شامل ہیں۔الیکشن کمیشن کی جانب سے پلان اے اور بی تیار کیے گئے ہیں جبکہ صوبائی الیکشن کمشنرز اور الیکشن کمیشن کے تمام ونگز طلب کیے گئے ہیں۔

واضح رہے کہ عام انتخابات سے متعلق الیکشن کمیشن کا اہم اجلاس 22 نومبر کو طلب کیا گیا ہے، ای سی ذرائع کا بتانا ہے کہ عام انتخابات میں 10 ماہ باقی ہیں اگر آج بھی اعلان ہوتا ہے تو تیار ہیں۔