بچوں کوبہترین ماحول فراہم کرنے کے لیے پوری طرح پرعزم ہیں، عارف علوی

338
timely diagnosis

اسلام آباد:صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے حکومت، مراعات یافتہ طبقات، این جی اوز اور بین الاقوامی تنظیموں پر زور دیا ہے کہ پاکستان میں سپر سیلاب سے متاثرہ بچوں کی ایک بڑی تعداد کی ضروریات پر توجہ دیں۔

ڈاکٹر عارف علوی نے کہاکہ  حکومت پاکستان زندگی کے ہر شعبہ میں اپنے بچوں کو ہر قسم کے استحصال سے بچانے، پسماندگی کے خاتمہ اور ان کی بہتر تعلیم اور صحت، صاف ستھرے اور سرسبز ماحول، بچوں کی مکمل صلاحیتوں کو بروئے کار لانے کے مواقع فراہم کرنے اور بہترین ماحول فراہم کرنے کے لیے پوری طرح پرعزم ہے۔

 بچوں کے عالمی دن کے موقع پر صدر مملکت نے کہا کہ اس دن کی مناسبت سے میں حکومت، مراعات یافتہ افراد، این جی اوز اور بین الاقوامی تنظیموں سے مطالبہ کرتا ہوں کہ وہ پاکستان میں حالیہ موسمیاتی تبدیلی کی وجہ سے آنے والے سپر فلڈ سے سب سے زیادہ متاثر ہونے والے بچوں کی ایک بڑی تعداد کی ضروریات پر خصوصی توجہ دیں اور انہیں تعلیم، غذائیت اور خوراک فراہم کریں۔

انہوں نے کہاکہ   ان کیلئے پناہ گاہوں کی فراہمی، بیماری اور بھوک سے ان کی حفاظت کریں۔ انہوں نے کہا کہ ہر سال یہ دن دنیا بھر میں بچوں کے حقوق کے فروغ اور تحفظ کے لیے منایا جاتا ہے۔ اس دن کو پہلی مرتبہ 1954 میں یونیورسل چلڈرن ڈے کے طور پر منایا گیا اور 1959 میں آج کے دن اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی نے بچوں کے حقوق کا اعلامیہ منظور کیا تھا۔ صدر مملکت نے کہا کہ رواں سال عالمی یوم اطفال 2022 کا بہت موزوں موضوع ہر بچے کے لئے شمولیت منتخب کیا گیا ہے۔