ریلوے پولیس میں کانسٹیبل بھرتی کرنے کا فیصلہ

510

لاہور: ریلوے پولیس نے ملک بھر کی آٹھوں ڈویژنز میں 539 کانسٹیبل بھرتی کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔

نجی ٹی وی کی رپورٹ کے مطابق حکومت نے ریلوے پولیس حکام کو ریگولر بھرتی کے لیے باقاعدہ نوٹیفکیشن جاری کردیا ہے۔ اس سلسلے میں جاری کیا جانے والا این او سی آئندہ 6 ماہ تک کارآمد ہوگا۔

ریلوے پولیس میں کانسٹیبل گریڈ5 ہی میں بھرتی کیے جائیں گے۔ ریلوے پولیس حکام کی جانب سے اسکیل اپ گریڈ کیے جانے پر عملدرآمد نہیں ہو سکا ہے جب کہ پنجاب پولیس سمیت دیگر فورس کے اسکیل ریلوے پولیس ملازمین سے اپ گریڈ ہیں۔

ملک بھر کی  تمام ڈویژنز میں بھرتی کا شیڈول جلد جاری کردیا جائےگا اور بھرتی کا عمل آئندہ ڈھائی ماہ تک مکمل کیا جائےگا۔ ذرائع کے مطابق ریلوے پولیس میں عرصہ دراز سے بھرتیاں نہ ہونے  کے باعث دفتری امور سرانجام دینے میں مشکلات درپیش ہیں۔

ریلوے پولیس بھرتیوں کے سلسلے میں لاہور، کراچی، ملتان میں کانسٹیبل بھرتی کیے جائیں گے جب کہ سکھر، کوئٹہ، پشاور، مغلپورہ، ورکشاپ ڈویژن اور راولپنڈی ڈویژن میں نفری پوری کرنے کے لیے کانسٹیبل بھرتی کیے جائیں گے۔دوسرے مرحلے میں اے ایس آئی بھرتی کیے جائیں گے۔