طلبہ پر تشدد کرکے کالج خالی کروانا تعلیم دشمن اقدام ہے، حافظ نعیم

282

کراچی: امیرجماعت اسلامی کراچی حافظ نعیم الرحمن نے گورنمنٹ اسلامیہ سائنس کالج خالی کرواکے تحویل میں لینے کے لیے نہتے طلبہ پر پولیس کی جانب سے لاٹھی چارج، شیلنگ اور گرفتاریوں کی  شدید مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ طلبہ پر تشدد کے ذریعے کالج خالی کروانا تعلیم دشمن اقدام ہے۔

اپنے بیان میں انہوں نے مزیدکہاکہ صوبائی حکومت اور وزارت تعلیم کی جانب سے کالج تحویل میں لینے کے کیس میں عدم دلچسپی اور درست پیروی نہ کرنے کی وجہ سے یہ ناخوش گوار واقعہ رونما ہوا۔ اس وقت صوبہ سندھ بالخصوص کراچی میں سرکاری اسکول و کالجزبری طرح مسائل کا شکار ہیں۔ ایسی صورتحال میں سپریم کورٹ کی جانب سے کراچی کے قدیم اسلامیہ کالج کو خالی کروانے کے احکامات پر عدالت سے اپنے فیصلے پر نظر ثانی کی درخواست کرنے کے بجائے طاقت کے استعمال کو ترجیح دی۔

سندھ حکومت کے اس اقدام کی وجہ سے کالج میں زیر تعلیم سیکڑوں طلبہ کا تعلیمی مستقبل داؤ پر لگ گیا۔ محکمہ تعلیم بتائے کہ اس نقصان کا ذمہ دارکون ہے؟امیرجماعت اسلامی نے کہاکہ سپریم کورٹ کے آرڈر پر انتہائی عجلت میں کیے گئے اقدام کی وجہ سے والدین بھی شدید اضطراب کی کیفیت میں ہیں۔

حافظ نعیم الرحمن نے کہا کہ ہمارا مطالبہ ہے کہ صوبائی حکومت سپریم کورٹ سے اس فیصلے پر انسانی ہمدردی کی بنیادوں پر جائزہ لینے کی اپیل کرے۔