ٹرمپ کیخلاف مجرمانہ تحقیقات کی نگرانی کیلیے اسپیشل پراسیکیوٹر نامزد

594
investigation

واشنگٹن:امریکی محکمہ انصاف نے سابق صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے خلاف مجرمانہ تحقیقات کی نگرانی کے لیے خصوصی وکیل نامزد کر دیا۔

اٹارنی جنرل میرک گارلینڈ نے جیک اسمتھ کی تقرری کا اعلان کیا اور کہا کہ عوامی مفاد میں اسپیشل پراسیکیوٹر کا تقرر کیا ہے، جیک اسمتھ جنگی جرائم کے سابق تفتیش کار رہ چکے ہیں۔

اسپیشل پراسیکیوٹر جیک اسمتھ نے کہا کہ تحقیقات کو تیزی سے آگے بڑھائوں گا اور آزادانہ فیصلے کروں گا۔اِدھر ٹرمپ نے کہا ہے کہ اسپیشل پراسیکیوٹر کی تقرری سیاسی اور غیر منصفانہ ہے، یہ کسی طور قابل قبول نہیں۔انہوں نے کہا کہ 6سال سے تحقیقات بھگت رہا ہوں مزید نہیں بھگت سکتا۔

دوسری جانب ترجمان وائٹ ہائوس نے کہا ہے کہ بائیڈن انتظامیہ انصاف کے نظام کو سیاسی نہیں بنائے گی۔اسپیشل پراسیکیوٹر کی تقرری کاصدر بائیڈن اور ہمیں علم نہیں تھا اور نہ ہی ہم نے کوئی پیشگی نوٹس بھیجا تھا۔

واضح رہے کہ تین روز پہلے سابق صدر کی جانب سے 2024 میں صدارتی انتخاب لڑنے کا اعلان سامنے آ یا تھا۔ٹرمپ سے ان کے گھر پر چھاپے میں سامنے آنے والی سرکاری دستاویزات پر تحقیقات جاری ہیں۔