بھارت: جھاڑ کھنڈ میں 2 سے زائد بچوں والے افراد پر الیکشن لڑنے پر پابندی

678

نئی دہلی: بھارتی ریاست جھاڑ کھنڈ میں 2 سے زائد بچوں والے افراد پر انتخابات میں حصہ لینے پر پابندی لگا دی  گئی۔ ریاستی الیکشن کمیشن نے اعلان کیا ہے کہ 2 سے زائد بچوں والے افراد الیکشن میں امیدوار نہیں بن سکتے۔

نجی ٹی وی کے مطابق الیکشن کمیشن نے جھاڑ کھنڈ میں ہونے والے میونسپل کارپوریشن کے انتخابات میں 2 سے زائد بچوں والے افراد کو انتخابات میں نااہل قرار دے دیا ہے اور وہ اب انتخابات میں حصہ نہیں لے سکیں گے تاہم  جس کے 2 سے زیادہ بچے ہوں گے وہ ووٹ تو دے سکتا ہے البتہ امیدوار نہیں بن سکتا۔

9 فروری 2013 کے بعد بھی اگر کسی کے ہاں بچے کی پیدائش ہوئی تو وہ بھی الیکشن میں حصہ نہیں لے سکے گا۔جھاڑکھنڈ نگر پالیکا ایکٹ 2011 کے مطابق ریاستی انتخابی کمیشن نے حکم جاری کیا ہے جبکہ ریاست میں 49 میونسپل کارپوریشن کے انتخابات اگلے کچھ دنوں میں ہونے والے ہیں۔ ریاستی الیکشن کمیشن نے انتخابات کی تمام تیاریاں مکمل کر لی ہیں اور تمام میونسپل کارپوریشن کے الیکشن ایک ہی روز کروائے جانے کا امکان ہے۔

ریاستی الیکشن کمیشن کے مطابق جن امیدواروں کے بچے 2 سے زیادہ ہوں گے ان کی درخواستیں مسترد کر دی جائیں گی اور امیدواروں کی اہلیت کے حوالہ سے الیکشن کمیشن نے ڈپٹی کمشنر کو سختی سے کاغذات دیکھنے کی ہدایت کی ہے۔الیکشن کمیشن جھاڑ کھنڈ کی جانب سے کہا گیا ہے کہ نگر پالیکا ایکٹ کا یہ التزام 5 فروری 2012 سے نافذ ہوا، اس کے ایک سال کی مدت کے بعد بھی کسی شخص کی تیسری اولاد ہوئی ہے تو اس کی درخواست بھی مسترد کر دی جائے گی۔

الیکشن کمیشن کے حکم کے مطابق جڑواں بچے یا گود لیے گئے بچے کو بھی 2 بچوں میں ہی شامل کیا جائے گا اور اگر کسی امیدوار نے غلط معلومات دیں تو اس کے خلاف قانونی کارروائی کی جائے گی۔