بلدیاتی الیکشن: سندھ حکومت اور ایم کیو ایم سازشیں ختم کریں، حافظ نعیم

267
Army deployed

امیر جماعت اسلامی کراچی حافظ نعیم الرحمن نے کہا ہے کہ بلدیاتی الیکشن کے خلاف سندھ حکومت اور ایم کیو ایم کو سازشیں کرنا بند کردینا چاہیے۔

کراچی اور حیدر آباد میں جلد بلدیاتی الیکشن کے انعقاد سے متعلق سندھ ہائی کورٹ کی جانب سے حکم جاری کیے جانے کے بعد پریس کانفرنس کرتے ہوئے حافظ نعیم الرحمن کا کہنا تھا کہ ہم نے سندھ ہائیکورٹ،سپریم کورٹ اور الیکشن کمیشن تمام جگہوں پر کراچی کا مقدمہ لڑا۔ سندھ ہائیکورٹ میں جوپٹیشن تھی اس پر ایک تاریخی فیصلہ آیا ہے، جس میں حتمی طور پر الیکشن کمیشن سے کہا گیا ہے کہ وہ فوری طور پر بلدیاتی انتخابات کا اعلان کرے۔

انہوں نے کہا کہ عدالت نے سندھ حکومت کو بھی پابند کیا ہے کہ وہ بلدیاتی الیکشن کے لیے تمام انتظامات کرے۔22 نومبر کو الیکشن کمیشن کا فیصلہ بھی آنا ہے۔ الیکشن کمیشن آف پاکستان میں بھی ہم نے کراچی کے عوام کی بھرپور نمائندگی کی ہے۔ وہ تمام قوتیں جو الیکشن روکنا چاہتی تھیں، جن میں سرفہرست سندھ حکومت اور ایم کیو ایم تھی، انہوں نے پورا زور لگادیا کہ کسی طرح الیکشن منسوخ کردیے جائیں۔

حافظ نعیم الرحمن نے کہا کہ ایک صاحب کہتے ہیں کہ ہم تو الیکشن کرانا چاہتے ہیں لیکن نفری نہیں ہے ۔ دوسرے صاحب آکر کہتے ہیں کہ حلقہ بندیوں کا مسئلہ ہے مردم شماری کا مسئلہ ہےاور جب ہم تفصیل میں جاتے ہیں تو پتا چلتا ہے کہ مردم شماری،حلقہ بندیوں یا اختیارات کا مسئلہ، یہ سب مسائل انہی لوگوں نے مسلط کیے ہیں۔

امیر جماعت کا کہنا تھا کہ سوا دو سال ہوگئے ہیں سندھ حکومت الیکشن سے بھاگ رہی ہے۔ اس معاملے میں ایم کیو ایم بھی ان کی سہولت کار ہے اور الیکشن کمیشن بھی بار بار انتخابات ملتوی کرکے ایک طرح سے سندھ حکومت کا ساتھ دے رہا ہے۔ الیکشن کمیشن میں جتنی باتیں سندھ حکومت نے کی ہیں، وہ سب بے جان تھیں۔ ان کا نہ قانون سے کوئی تعلق تھا نہ حقائق سے۔

انہوں نے کہا کہ ہم یہ مطالبہ کرتے ہیں کہ الیکشن کمیشن انتخابات کی تاریخ کااعلان کرے تو اب یہ حتمی اعلان ہونا چاہیے جس سے فرار کے تمام راستے بند کردینے چاہییں۔ سندھ حکومت اور ایم کیوایم کو بھی سازشیں ختم کردینی چاہییں۔ سب سے پہلے کراچی کے ناجائز ایڈمنسٹریٹر کا تقرر ختم کیا جائے، ترقیاتی کاموں اور سیلاب زدگان کی امداد کے نام پر کرپشن بند کی جائے۔

حافظ نعیم نے کہا کہ جماعت اسلامی بلدیاتی انتخابات میں کامیاب ہوکر ایک مرتبہ پھر شہر کی ترقی کا سفر شروع کرے گی۔ عوامی رائے کے سروے بتارہے ہیں کہ عوام جماعت اسلامی کا میئر چاہتے ہیں۔ ہم لوگوں کے بنیادی مسائل حل کریں گے۔ برے حالات میں بھی کراچی پورے پاکستان کی معیشت چلا رہا ہے۔ اگر کراچی کو اس کا حق مل جائے تو پاکستان بھی ترقی کرے گا۔