ورلڈ سائنس ڈے فار پیس اینڈ ڈیولپمنٹ سے  متعلق تقریب کا اہتمام

508

اسلام آباد: ورلڈ سائنس ڈے فار پیس اینڈ ڈویلپمنٹ کے حوالے سے ایک تقریب منعقد ہوئی، جس کا اہتمام اسلامی تعاون تنظیم (او آئی سی)کی قائمہ کمیٹی برائے سائنس و ٹیکنالوجی (کامسٹیک) نے اقوام متحدہ کی تعلیمی، سائنسی اور ثقافتی تنظیم (یونیسکو)، کمیشن برائے سائنس اور ٹیکنالوجی فار سسٹین ایبل ڈویلپمنٹ ان سائوتھ(کامسیٹس)، ایکو سائنس فاؤنڈیشن ، پاکستان سائنس فاؤنڈیشن اور پاکستان اکیڈمی آف سائنسز کے تعاون سے کیا تھا۔

تقریب کا انعقاد کامسٹیک سیکرٹریٹ اسلام آباد میں ہوا جس میں سائنسدانوں، مختلف سائنسی شعبوں کے ماہرین اور دیگر اہم شخصیات نے شرکت کی۔تقریب میں اسلام آباد میں متعین بعض اسلامی ملکوں کے سفیروں کے علاوہ ماہرین تعلیم، محققین، سائنس کمیونیکیٹر، پالیسی سازوں، سرکاری حکام، صحافیوں اور طلبہ بھی شریک ہوئے۔

تقریب سے کامسٹیک کے کوآرڈینیٹر جنرل پروفیسر ڈاکٹر محمد اقبال چودھری، پاکستان سائنس فاؤنڈیشن کے چیئرمین پروفیسر ڈاکٹر شاہد محمود بیگ، پاکستان اکیڈمی آف سائنسز کے سیکرٹری جنرل پروفیسر ڈاکٹر تصور حیات، کامسیٹس کے ایگزیکٹیو ڈائریکٹر ڈاکٹر محمد نفیس ذکریا اور یونیسکو کے ڈائریکٹر ڈاکٹر یوسف فلالی میکناسی نے خطاب کیا۔

بعد ازاں ایک پینل مباحثہ بھی ہوا جس میں پروفیسر ڈاکٹر ضابطہ خان شنواری، پروفیسر ڈاکٹر ایم اسلم بیگ، ڈاکٹر نذیر محمد اور دیگر نے شرکت کی۔ ماہرین نے سائنس کے شعبہ میں اسلامی ملکوں میں ہونے والی ترقی سمیت بنیادی علوم کے فروغ کے سلسلے میں مختلف اداروں کی جانب سے کئے جانے والے کام اور مستقبل کے منصوبوں پر روشنی ڈالی۔

واضح رہے کہ یونیسکو نے ورلڈ سائنس ڈے فار پیس اینڈ ڈویلپمنٹ منانے کا آغاز 2001 میں سائنس کے اہم کردار کو اجاگر کرنے اور سائنس سے متعلق ابھرتے ہوئے اور اہم عصری مسائل کی ضرورت کو اجاگر کرنے کے لیے کیا تھا۔