میراپاکستان میرا گھر پروگرام میں آپریشنل رکاوٹیں دور کرنے کی ہدایت

234

اسلام آباد: وفاقی وزیر خزانہ اسحاق ڈار نے متعلقہ حکام کومیراپاکستان میراگھر پروگرام میں موجود آپریشنل رکاوٹوں کو دور کرنے اور ان کو حل کرنے کے لیے ممکنہ تجاویز پر کام کرنے کی ہدایت کی ہے۔

انہوں نے یہ بات میرا پاکستان میرا گھر (ایم پی ایم جی ) اسکیم کے بارے میں اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کہی۔اجلاس میں چیئرمین این اے پی ایچ ڈی اے، لیفٹیننٹ جنرل(ر) انور علی حیدر، ڈپٹی گورنر اسٹیٹ بینک سیما کامل ، فنانس ڈویژن اور اسٹیٹ بینک کے دیگر سینئر افسران نے شرکت کی۔

اجلاس کے دوران وزیر خزانہ کو میرا پاکستان میرا گھر ہاؤسنگ فنانس مارک اپ سبسڈی اسکیم، اس کے مالیاتی خدوخال اور اس میں درپیش آپریشنل، فنکشنل رکاوٹوں اور عوام کو ہاؤسنگ فنانس کی سہولیات فراہم کرنے میں پیش رفت کے طریقوں کے بارے میں بریفنگ دی گئی۔ اجلاس میں موجودہ میرا پاکستان میرا گھر اسکیم میں کچھ ڈھانچہ جاتی تبدیلیوں پر بھی غور کیا گیا تاکہ اس پروگرام کا عوام تک فائدہ پہنچانے کے لیے اسے مزید اہدافی اور قابل رسائی بنایا جا سکے۔

وزیر خزانہ سینیٹر اسحاق ڈار نے موجودہ حکومت کے اس عزم کا اظہار کیا کہ کم آمدن اور متوسط طبقے کو مناسب قیمتوں پر رہائش کی سہولیات فراہم کی جائیں گی۔ وفاقی وزیر نے متعلقہ حکام کو مزیدہدایت کی کہ وہ موجودہ پروگرام میں موجود آپریشنل رکاوٹوں کو دور کرنے اور ان کو حل کرنے کے لئے ممکنہ تجاویز پر کام کریں اور اسے عوام کے مفاد کے لیے بنائیں۔

انہوں نے اس سلسلے میں تمام شراکت داروں کو موجودہ حکومت کے ہر طرح کے تعاون کا یقین دلایا۔