لاہور میں پُر اسرار ڈرون طیارہ اورنج لائن ٹرین اسٹیشن سے ٹکراگیا

245
drone

لاہور: اورنج لائن ٹرین کے علی ٹاؤن اسٹیشن سے پُراسرار ڈرون طیارہ ٹکرا کر گر گیا۔

لاہور پولیس  کا کہناہے کہ مذکورہ ڈرون طیارے سے کسی قسم کا بارودی مواد نہیں ملا ہے تاہم طیارے میں چھوٹا جاسوسی کیمرہ بھی لگا ہے ، جس کی تفتیش جاری ہے۔ جس جگہ طیارہ گرا وہاں چائینیز انجینئرز بھی موجود تھے۔

پولیس کا یہ بھی کہنا تھا کہ بم ڈسپوزل اور دیگر متعلقہ حکام موقع پر پہنچ گئے ہیں۔پولیس نے واقعے کی مختلف پہلوئوں سے تحقیقات شروع کر دی ہیں۔ تعین کیا جا رہا ہے کہ ریموٹ کنٹرول ڈرون طیارہ کس سمت سے آیا تھا۔

سی سی پی او لاہور غلام محمود ڈوگر نے چوہنگ کے علاقے میں پراسرار ریموٹ کنٹرول طیارہ گرنے کے معاملے کا نوٹس لیتے ہوئے ایس پی صدر سے رپورٹ طلب کرلی ہے۔ سی سی پی او لاہور نے واقعے کی مکمل تحقیقات کرکے رپورٹ پیش کرنے کی ہدایت کردی ہے۔

پولیس کا کہنا ہے کہ سینئرپولیس افسران اور متعلقہ ادارے نے موقع پر شواہد کی بنیاد پر ریموٹ کنٹرول طیارے کا جائزہ لیا۔