والدین بچوں کے سر کو شکل دینے والے تکیے استعمال نہ کریں، ایف ڈی اے

941
والدین بچوں کے سر کو شکل دینے والے تکیے استعمال نہ کریں، ایف ڈی اے

میری لینڈ:امریکا کی فوڈ اینڈ ڈرگ ایڈمنسٹریشن (ایف ڈی )نے مشورہ دیا ہے کہ والدین اور بچوں کی دیکھ بھال کرنے والے افراد بچوں کو سر کو گولائی دینے والے تکیوں پر لٹانے سے گریز کریں۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق ادارے کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا کہ سر کو ساخت دینے والے تکیے بچوں کے لیے غیر محفوظ نیند کا ماحول بنا سکتے ہیں اور دم گھٹنے اور موت کے خطرات کا سبب بن سکتے ہیں۔

سر کو ساخت دینے والا تکیہ ایک چھوٹا سا تکیہ ہوتا ہے، جس کے درمیان میں ایک سوراخ ہوتا ہے، جو بچے کے سر کو سہارا دینے کے لیے بنایا جاتا ہے تاکہ بچے کے سر کو چپٹا ہونے سے بچایا جاسکے۔

ایف ڈی اے کے مطابق سر کو شکل دینے والے یہ تکلیے بچوں کی اچانک غیر متوقع اموات کے خطرات میں اضافہ کر سکتے ہیں اور ان کو قطعی استعمال نہیں کرنا چاہیے۔

بچوں کی ایک ماہر معالج ڈاکٹر ریچل پریٹ کا کہنا تھا کہ ایف ڈی اے والدین کو یہ تنبیہ کر رہا ہے کہ یہ تکیے بچوں کے چپٹے سر سے نمٹنے کے لیے نہ صرف غیر ضروری ہیں بلکہ اپنے اندر بچوں کے نیند کے ماحول میں سانس گھٹنے کے خطرات بھی رکھتے ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ یہ تکیے بچے کے سر کو اوپر کی جانب کرتے ہوئے سانس کی نالیوں پر نیچے کی جانب دبا ڈالتے ہیں اور بچے کے سانس لینے میں دشواری پیدا کرتے ہیں۔ڈاکٹر ریچل کا کہنا تھا کہ بچوں کو کمر کے بل سپاٹ اور سخت گدے پر سلانا چاہیے جو آرام دہ چادر سے ڈھکا ہوا ہو۔