اسلام آباد میں بلدیاتی انتخابات، سیاسی سرگرمیاں شروع

445
rejected

اسلام آباد : الیکشن کمیشن آف پاکستان (ای سی پی)کی جانب سے وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں بلدیاتی انتخابات کے انعقاد کے اعلان کے بعد انتخابی سرگرمیوں کا آغاز ہوگیا۔

الیکشن کمیشن کا شیڈول جاری ہونے کے بعد اسلام آباد میں ہونے والے بلدیاتی انتخابات کے حوالے سے ذرائع کا کہنا ہے کہ کاغذات نامزدگی جمع کروانے کا مرحلہ مکمل ہوگیا ہے۔ذرائع کے مطابق مجموعی طور پر101یونین کونسل میں3866امیدواروں نے کاغذات نامزدگی جمع کروائے جس میں چیئرمین، وائس چیئرمین کیلئے537 امیدوار شامل ہیں۔

جنرل ممبر کی606نشستوں کیلئے1945 امیدواروں اور خاتون ممبر کی202نشستوں کیلئے546 امیدواروں نے کاغذات نامزدگی جمع کروائے۔اس کے علاوہ نوجوان ممبر کی101نشستوں کیلئے344 امیدواروں جبکہ مزدور، کسان ممبر کی101نشستوں کیلئے 348 امیدواروں اور غیرمسلم ممبر کی101نشستوں کیلئے146 امیدواروں نے کاغذات نامزدگی جمع کروائے۔

یاد رہے کہ گزشتہ ماہ 22نومبر کو الیکشن کمیشن نے اسلام آباد میں بلدیاتی انتخابات کا شیڈول جاری کیا تھا، جس کے مطابق انتخابات 24 دسمبر کو ہوں گے۔الیکشن کمیشن کا کہنا تھا کہ کاغذات نامزدگی 7 سے 11 نومبر تک جمع کروائے جاسکتے ہیں۔

کاغذات نامزدگی کی جانچ پڑتال 15 سے 18 نومبر تک ہوگی۔الیکشن کمیشن کے مطابق کاغذات نامزدگی پر اپیلیں 21 سے 23 نومبر تک فائل کی جاسکیں گی، اپیلوں پر فیصلہ 28 نومبر تک سنایا جائے گا۔اس کے علاوہ کاغذات نامزدگی 30 نومبر تک واپس لیے جا سکیں گے، جبکہ امیدواروں کو انتخابی نشان یکم دسمبر کو الاٹ کیے جائیں گے۔