پاکستان نے بھارتی ٹیم پر کالا جادو کرایا تھا، انڈین میڈیا کے انوکھے دعوے

694

نئی دہلی: ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ کے سیمی فائنل میں انگلینڈ کے ہاتھوں عبرتناک شکست پر بھارتی میڈیا کی کھسیانی بلی کھمبا نوچے والی کیفیت ہے۔ اسی سلسلے میں ایک بھارتی چینل نے مضحکہ خیز دعویٰ کیا ہے۔

بھارتی چینل کے مطابق بھارت کو انگلینڈ نے نہیں ہرایا بلکہ اسے پاکستان نے کالے جادو کے ذریعے ٹورنامنٹ سے باہر کیا ہے۔ انوکھے دعوے کے مطابق پاکستان بھارت سے فائنل میں مقابلہ کرنے سے گھبرا رہا تھا کیوں کہ بھارت اس کو آسانی سے شکست دے سکتا تھا، اسی لیے پاکستان نے کالے جادو کا سہارا لیا۔

ایک پاکستانی اداکارہ سحر شنواری کا ایک ٹویٹ دلیل کے طور پر پیش کیا گیا ہے جس میں اداکارہ نے دعویٰ کیا تھا کہ وہ انڈین اسکواڈ کو نقصان پہنچانے کے لیے کالے جادو کا استعمال کریں گی تاکہ گرین شرٹس فائنل میں پہنچ جائیں۔

بھارتی نیوز چینل کے مضحکہ خیز دعوے کا سوشل میڈیا صارفین مذاق اڑا رہے ہیں اور دلچسپ تبصرے کیے جارہے ہیں۔