دفاعی نمائش آئیڈیاز 2022 کا آغاز 15 نومبر سے کراچی ایکسپو سینٹر میں ہوگا

721

کراچی(رپورٹ:منیرعقیل انصاری) چار روزہ بین الاقوامی دفاعی نمائش آئیڈیاز 2022 کراچی کے ایکسپو سینٹر میں 15 نومبر سے شروع ہو گی جس کا افتتاح وزیراعظم پاکستان میاں محمد شہباز شریف کریں گے۔4روزہ انٹرنیشنل ڈیفنس ایگزی بیشن اینڈ سیمینار (آئیڈیاز 2022) کا گیارہویں ایڈیشن 15سے 18نومبر 2022کو کراچی ایکسپو سینٹر میں منعقد ہوگا۔اپنی روایت کے مطابق آئیڈیاز 2022میں متعدد بے مثال سرگرمیوں کا انعقاد کیا جائے گا جن میں جدید دفاعی ٹیکنالوجیز کا مظاہرہ، انٹرنیشنل سیمینار، آّئیڈیاز کراچی شو، نیٹورکنگ اور بزنس ٹو بزنس ، بزنس ٹو گورنمنٹ ملاقاتوں کے ذریعے کاروبار کی توسیع کے مواقع شامل ہیں۔آئیڈیاز 2022 عالمی دفاعی صنعت کو اپنی جدید اختراعات اور ٹیکنالوجیز دنیا کے سامنے پیش کرنے کا موقع فراہم کریگی۔ سینئر سول، تجارتی اور ملٹری وفود بڑی تعداد میں اس ایونٹ میں شرکت کریں گے۔ان خیالات کا اظہار وزارت دفاعی پیداوار کے ادارے ڈیفنس ایکسپورٹ پروموشن آرگنائزیشن (ڈیپو) کے ڈائریکٹر جنرل کو آرڈینیشن بریگیڈیئر نوید اعظم چیمہ نے ہفتے کو ایکسپو سینٹر کراچی میں منعقدہ آئیڈیاز2022 کے حوالے سےپریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔اس موقعے پر ڈائریکٹر میڈیا کموڈور محمد طاہر ستارہ امتیاز (ملٹری)، ڈائریکٹر ای پی ایس ڈیپو ایئر کموڈور عبدالباسط، ڈی آئی جی ٹریفک احمد نواز چیمہ اور ایونٹ کے آرگنائزر بدر ایکسپو سلوشنز کے چیف ایگزیکٹیو ذوہیر نصیر،ملکی و غیرملکی میڈیا سمیت دیگر بھی موجود تھے۔

نمائش کے پہلے دو روز مندوبین، تجارتی وفود اور نیٹ ورکنگ سرگرمیوں کے لیے منعقد کیے گئے ہیں۔ دیگر اہم سرگرمیوں میں دفاعی مارکیٹ میں مصنوعی ذہانت، ملٹری اسٹریٹجی اور قومی سلامتی میں ایک نئے رجحان کے موضوع پر انٹرنیشنل سیمینار شامل ہے۔معروف ملکی و بین الاقوامی ماہرین اس موضوع پر اپنے تحقیقی مقالے پیش کریں گے۔ سیکرٹری وزارت دفاعی پیداوار لیفٹنٹ ریٹائرڈ ہمایوں عزیز سیمینار کے مہمان خصوصی ہوں گے۔آئیڈیاز 2022، گیارہویں ایڈیشن کو خاص بنانے کے لیے پاکستان پوسٹل سروسز نے 20روپے مالیت کا یادگاری ٹکٹ بھی جاری کیا ہے۔ اس موقع پر پاکستان کی دفاعی صنعت کی نئی ایجادات کا افتتاح اور نمائش بھی کی جائیگی۔

آئیڈیاز2022نے بکنگ، ملکی و بین الاقوامی شرکاءاور مندوبین کی تعداد اور نمائش کی جگہ کے لحاظ سے پچھلے تمام ریکارڈ توڑ دیے ہیں۔کراچی ایکسپو سینٹر کی پوری گنجائش کے ساتھ منعقد ہونے والے اس ایونٹ میں ترکی، چین، نارتھ امریکا، ساﺅتھ امریکا، یورپ، ایشیا اور فار ایسٹ ملکوں کی کمپنیوں کا تناسب 60فیصد جبکہ ملکی اداروں اور کمپنیوں کا تناسب 40فیصد ہے۔ تجارتی مندوبین کے علاوہ 64ملکوں کے 285اعلیٰ سطح کے مندوبین بھی نمائش کا دورہ کریں گے۔

اس موقع پر غیرملکی مندوبین، اہم سرکاری شخصیات اور نمائش کے شرکاء کے درمیان سیکڑوں کی تعداد میں بی ٹو بی اور بی ٹو جی ملاقاتیں بھی منعقد ہوں گی۔بین الاقوامی دفاعی نمائش کورونا وبا کے باعث چار سال کے تعطل کے بعد منعقد کی جا رہی ہے، بین الاقوامی دفاعی نمائش اور سیمینار آئیڈیاز جنوبی ایشیا کا اہم ایونٹ ہے۔

انہوں نے بتایا کہ 15 نومبر کو نمائش کا وزیر اعظم افتتاح کریں گے۔ 17 نومبر کو سی ویو پر ڈرلز منعقد کی جائیں گی۔ نمائش میں 51 ممالک کے 522 مندوبین شرکت کررہے ہیں۔ 64 ممالک کے 285 وفود نمائش میں شرکت کریں گے۔ 323 بیرون ممالک اور 199 لوکل مندوبین شریک ہوں گے۔

بین الاقوامی دفاعی نمائش آئیڈیازکاآغازسال2000میں ہوا ، مصنوعات بنانے والے اداروں اور دفاعی شعبہ کو فروغ دینے کا اہم ایونٹ ہے۔آئیڈیازکے11ویں ایڈیشن کا انعقاد ٹیکنالوجی کے تبادلے کی ترجمانی کرتا ہے ، تمام ایڈیشنز محکموں، مسلح افواج، سرکاری اور نجی دفاعی صنعت کی سپورٹ سےمنعقد ہوئے ہیں۔

آئیڈیاز2018میں45 ممالک کے 524 نمائشی وفودنےشرکت کی تھی جبکہ 262 سے زائد اعلیٰ سطح کے وفود نے نمائش کا دورہ بھی کیا تھا۔چین، فرانس، جرمنی، اٹلی، اُردن، پولینڈ، روس، جنوبی کوریا ، ترکیہ،یواےای، یوکرین، امریکہ،میزبان پاکستان جیسے ممالک نے پویلین قائم کئے ہیں۔پاک آرمی پویلین،آرمڈفورسزانسٹی ٹیوٹ آف ری ہیبی لیٹشن میڈیسن ، نیشنل لاجسٹکس سیل،اینٹی نارکوٹکس فورسز، فرنٹیئر ورکس آرگنائزیشن کے اسٹالز شامل ہیں۔

بڑی دفاعی مصنوعات جن میں الخالد ٹینک،جیٹ ٹرینٹرایئرکرافٹ کے 8 ، جےایف17 ،یواےوی ایس کو پیش کیا گیا، نمائش بین الاقوامی مندوبین کیلئے پاکستان کی دفاعی تیاری کا جائزہ لینے کا منفرد موقع ہے۔تعارفی تقریب میں ڈی آئی جی ٹریفک کراچی احمد نواز چیمہ کی جانب سے پریس کانفرنس میں صحافیوں کو دفاعی نمائش کے دوران کراچی کے شہریوں کو آمدورفت میں سہولت کے لیے مرتب کیے گئے ٹریفک پلان اور متبادل راستوں کے بارے میں بریفنگ دی ۔انہوں نے کہاکہ ٹریفک پولیس نے دفاعی نمائش کے لیے ٹریفک پلان جاری کر دیا ہے جس کے مطابق دوران نمائش سر شاہ سلیمان روڈ صبح 7 سے شام 6 بجے تک بند رہے گا۔ صرف اسٹیکر و اجازت نامہ کی حامل گاڑیوں کو جانے کی اجازت ہو گی۔

انہوں نے کہا کہ ہیوی اور کمرشل ٹریفک کو سر شاہ سلیمان روڈ استعمال کرنے کی اجازت نہیں ہو گی۔ دوسری جانب ملینئیم مال سے بھی ہیوی اور کمرشل ٹریفک کو اسٹیڈیم براستہ ڈالمیا روڈ جانے کی پابندی ہو گی۔ نیپا سے پی پی چورنگی تک ہیوی اور کمرشل ٹریفک کو جانے کی اجازت نہیں ہوگی۔انہوں نے کہا کہ راشد منہاس روڈ اور یونیورسٹی روڈ ٹریفک کے لیے کھلے رہیں گے۔ ٹریفک پولیس کی مزید تفصیلات کیمطابق لیاقت آباد دس نمبر سے حسن اسکوائر تک ہیوی ٹریفک کا داخلہ بند ہو گا۔ حسن اسکوائر سے ہیوی اور کمرشل ٹریفک کو اسٹیڈیم روڈ جانے کی اجازت نہیں ہوگی۔آئیڈیاز پاکستان کا قومی ایونٹ ہے اور کراچی کے عوام دنیا بھر سے اس ایونٹ میں شرکت کے لیے آنے والے غیرملکی مہمانوں کو خوش آمدید کہنے کے لیے تیار ہیں۔

کراچی کے شہریوں کے لیے 17نومبر کو ساحل سمندر پر نشان پاکستان سی ویو کے مقام پر کراچی شو کا انعقاد کیا جائے گا۔