ڈاکٹرز اور طبی عملے کی گرفتاریوں کیخلاف سندھ بھر میں احتجاج

324
medical staff

کراچی: ڈاکٹرز اور ہیلتھ ورکرز کی گرفتاریوں کے خلاف سندھ کے مختلف شہروں میں احتجاج کیا گیا۔ حیدرآباد میں مظاہرین نے گورنمنٹ اسپتال پریٹ آباد کے سامنے ٹائر جلا کر سڑک بلاک کر دی۔

چیئرمین گرینڈ الائنس کے مطابق نوابشاہ میں گرفتار رہنمائوں کی رہائی تک احتجاج جاری رہے گا، اسپتالوں میں اوپی ڈی کابائیکاٹ ہے جبکہ ایمرجنسی سروس جاری ہے۔

گرینڈ ہیلتھ الائنس کا کہنا ہے کہ گرفتار رہنمائوں کی رہائی کے لیے عدالت سے رجوع کیاہے، ہیلتھ رسک الائونس کے نوٹیفکیشن تک دھرنا جاری رہے گا، سندھ بھر کے سرکاری اسپتالوں میں ہفتہ کوبھی او پی ڈی سروس معطل رہی۔ اس کے علاوہ سکھر میں سول اسپتال میں ڈاکٹر اور پیرا میڈیکل اسٹاف کی ہڑتال جاری رہی۔ سول اسپتال میں او پی ڈی کے بعد ایمرجنسی کا بھی بائیکاٹ کیا گیا جس سے مریض مشکلات کا شکار ہیں۔

لاڑکانہ میں وارڈز میں پیرامیڈکس کی ہڑتال کے باعث بیشتر مریض نجی اسپتال یا کلینک جانے پر مجبور ہیں۔ ٹھٹھہ کے سول اسپتال کے احاطے میں ڈاکٹرز اور پیرا میڈیکل اسٹاف نے احتجاجی مظاہرہ کیا،مظاہرین کی جانب سے گرفتار ملازمین کی فوری رہائی اور ذمہ داروں کیخلاف کارروائی کا مطالبہ کیا گیا۔