اسپین: 5 کروڑ روپے میں پورا گاؤں برائے فروخت

467

میڈرڈ: اسپین کے شمال مغرب میں واقع گاؤں 2 لاکھ 59ہزار امریکی ڈالر یعنی پاکستانی 5 کروڑ 61لاکھ روپے میں فروخت کے لیے پیش کیا گیا ہے۔

سالٹو ڈی کاسٹرو گاؤں پرتگال کی سرحد سے متصل ہے اور اسپین کے دارالحکومت میڈرڈ سے تقریباً 3 گھنٹے کی مسافت پر زمورا صوبے میں واقع ہے۔ہسپانوی میڈیا کے مطابق اس گاؤں میں 44رہائشی مکانات، ایک ہوٹل، ایک اسکول اور ایک میونسپل سوئمنگ پول کے ساتھ ساتھ ایک بیرک بھی شامل ہے، جہاں پہلے سول گارڈ رہتے تھے۔

اس گاؤں میں آج تک کوئی آباد نہیں ہو سکا اور یہ 3 دہائیوں سے اپنے رہائشیوں کا انتظار کر رہا ہے۔موجودہ مالک نے سیاحتی مقام بنانے کی غرض سے اس گاؤں کو 2000کی دہائی کے آغاز میں خریدا تھا ، تاہم یورو زون کے بحران نے ان کے منصوبے کو پنپنے نہیں دیا۔ ویب سائٹ پر گاؤں کی فروخت کے اشتہار کے ساتھ 80سالہ مالک کی جانب سے لکھا گیا ہے کہ میں اس گاؤں کو اس لیے بیچ رہا ہوں کیوں کہ میں شہر کا رہنے والا ہوں اور گاؤں کا خیال نہیں رکھ سکتا۔ اشتہار کو ایک ہفتے میں 50ہزار افراد دیکھ چکے ہیں۔