سودی نظام اور کرپشن کا خاتمہ ملک و قوم کی ترقی کیلیے ناگزیر ہے، سراج الحق

265
Chair battle

امیر جماعت اسلامی سراج الحق نے کہا ہے کہ ملک اور قوم کی ترقی کے لیے سودی نظام اور کرپشن کا خاتمہ ناگزیر ہے۔

لیڈز یونیورسٹی  لاہور میں پاکستانی معیشت کو درپیش مسائل اور ان کا حل کے موضوع پر سیمینار سے بطور مہمان خصوصی خطاب کرتے ہوئے سراج الحق نے کہا کہ پاکستان کا اصل مسئلہ کرپشن اور سودی نظام ہے۔سب حکمران شہزادے اور اوپر سے مسلط کر دہ ہیں۔ملکی حالات کو بہتر بنانے کی کوشش نوجوان طبقے کو کرنا ہوگی۔

انہوں نے کہا کہ پاکستانی ترقی کا انحصار مضبوط معیشت اور معیاری تعلیم پر ہے۔پاکستان سے سودی نظام اور کرپشن کا خاتمہ ملک وقوم کی ترقی کے لیے اشد ضروری ہے۔فلاحی ریاست اور ترقی یافتہ پاکستان کے لیے اسلامی معاشی نظام کا نفاذ اہم ہے،جس ملک کا کل بجٹ47 ہزار ارب ہو اور 41ہزارارب قرض اور سود کی ادائیگی پر خرچ ہوجائے تو وہ ملک کیسے ترقی کرسکتا ہے۔

امیر جماعت اسلامی کا کہنا تھا کہ ٹرانسپیرنسی انٹرنیشنل کی رپورٹس کے مطابق پاکستان میں 65 فیصد کرپشن بلوچستان ،42 فیصدسندھ، 32 فیصد پنجاب جبکہ 21فیصد کے پی کے میں ہوتی ہے۔اخلاقی نظریاتی اور مالی لحاظ سے پاکستان کرپشن کے سمندرمیں غوطے کھارہاہے۔

سراج الحق نے کہا کہ پاکستان کے 65 فیصد نوجوان ایٹم بم سے زیادہ طاقتور ہیں۔اگر ان کی تعلیم وتربیت اور ہنر پر توجہ دی جائے تو پاکستان کا شمار صف اول کے ممالک کی فہرست میں ہوسکتاہے۔