کراچی: مقابلے میں ہلاک ڈاکو پولیس کو انتہائی مطلوب نکلا

261

کراچی: گلبرگ بلاک 12 کے علاقے میں پولیس مقابلے میں ہلاک ہونے والے 3 ڈاکوؤں میں سے ایک سے متعلق انکشاف ہوا ہے کہ وہ سندھ پولیس کو انتہائی مطلوب تھا۔

نجی ٹی وی کی رپورٹ کے مطابق ہلاک ملزم اس سے قبل درجنوں وارداتوں میں پولیس کو انتہائی مطلوب غلام یاسین بھیو ہے، جس پر ایک کروڑ روپے انعام کی سفارش بھی کی گئی تھی۔ ملزم غلام یاسین بھیو کی زندہ یا مردہ گرفتاری پر بھاری انعام مقرر تھا۔رپورٹ کے مطابق ہلاک ملزم کے خلاف مختلف تھانوں میں 53 مقدمات درج ہیں۔

پولیس کے مطابق ملزم کے خلاف اسنیچنگ، کار لفٹنگ، پولیس مقابلوں اور ڈکیتی جیسے کئی مقدمات تھے۔ملزم پر دہشت گردی، فراڈ، غیر قانونی اسلحہ کے مقدمات بھی تھے۔ علاوہ ازیں ہلاک ملزم غلام یاسین بھیو کے خلاف سندھ بھر میں بھی مقدمات درج تھے، جن میں گلشن اقبال میں 9، شارع فیصل میں 8، عزیزبھٹی میں 8، گلستان جوہر میں 6، سچل میں 4، بہادرآباد میں3، سکھر اے سیکشن میں 2 اور  سہراب گوٹھ تھانے میں 2 مقدمات درج تھے۔