پی پی، ایم کیو ایم گٹھ جوڑ سے کراچی کا کوئی والی وارث نہیں، حافظ نعیم الرحمن

302

کراچی: امیر جماعت اسلامی کراچی حافظ نعیم الرحمن نے کہا ہے کہ ایم کیو ایم اور پیپلزپارٹی کی گٹھ جوڑ کی وجہ سے کراچی کا کوئی والی وارث نہیں ہے۔

کراچی میں بلدیاتی انتخابات سے متعلق ادارہ نورحق میں ہنگامی پریس کانفرنس کرتے ہوئے حافظ نعیم الرحمن کا کہنا تھا کہ حکومت سندھ کی جانب سے مسلسل کراچی دشمن اقدامات کیے جا رہے ہیں۔ بلدیاتی انتخابات کے مزید 3 ماہ التوا کے لیے صوبائی کابینہ کی منظوری کے بعد وزارت بلدیات کی جانب سے الیکشن کمیشن کو لکھے گئے خط پر ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ الیکشن کمیشن بار بار انتخابات کا اعلان کرتا ہے لیکن سندھ حکومت خط و کتابت کا سلسلہ شروع کر دیتی ہے۔

انہوں نے کہا کہ الیکشن کمیشن نے جماعت اسلامی کے مطالبے پر 9 نومبر کو اسٹیک ہولڈرز پر مشتمل اجلاس طلب کیا تھا، جو چھٹی کے باعث نہ ہوسکا لیکن 14 نومبر کو اجلاس میں ضرور شریک ہوں گے۔ سپریم کورٹ کا واضح فیصلہ ہے کہ کراچی میں انتخابات کروائے جائیں ۔ پیپلز پارٹی اپنی پارٹی کو جمہوری جماعت کہنے کا دعویٰ کرتی ہے لیکن عملاً کراچی دشمن اقدامات کیے جارہے ہیں۔ پیپلز پارٹی اور ایم کیو ایم کا گٹھ جوڑ ہے جس کی وجہ سے کراچی کا کوئی والی وارث نہیں ہے۔

امیر جماعت اسلامی کراچی نے کہا کہ شہر پر ایک ناجائز ایڈمنسٹریٹر تعینات ہے، اس کے باوجود ایم کیو ایم کا کہنا کہ کراچی کا ایڈمنسٹریٹر ایم کیو ایم کا ہے۔ شہر کی تمام اسٹیک ہولڈرز جماعتوں پر مشتمل اجلاس طلب کیا ہے۔الیکشن کمیشن حتمی طور پر بلدیاتی انتخابات کا اعلان کرے اور سندھ حکومت کو پابند کرے۔ سندھ حکومت کو کس نے اختیار دیا ہے کہ وہ کراچی کے ساڑھے 3 کروڑ عوام کا فیصلہ کرے۔ سندھ اسمبلی میں وڈیروں کی اکثریت ہے جو کراچی کے شہریوں کا استحصال کررہے ہیں۔

حافظ نعیم الرحمن نے کہا کہ مصنوعی تنفس فراہم کرنے کا یہ عمل اب ختم ہونا چاہیے۔ اسٹیبلشمنٹ کو بھی چاہیے کہ اب مردہ گھوڑے میں جان نہ ڈالے۔ ڈی جی رینجرز کی ذمے داری ہے کہ وہ نفری جمع کرکے انتخابات کروائے۔ الیکشن کمیشن اپنے اختیار کو بروئے کار لاتے ہوئے حتمی طور پر انتخابات کا اعلان کرے۔ بلدیاتی انتخابات کے انعقاد کے لیے ایک طرف جماعت اسلامی اور عوام ہیں اور دوسری جانب تمام پارٹیاں موجود ہیں ۔

انہوں نے کہا کہ سندھ حکومت نے 6 سال میں اورنج لائن منصوبہ بنایا جس پر عوام سفر ہی نہیں کرتے۔ گرین لائن منصوبہ بنایا لیکن وہ بھی ادھورا چھوڑدیا ۔ پیپلز پارٹی یونیورسٹی روڈ پر ریڈ لائن منصوبہ بنانا چاہتی ہے جس پر اربوں روپے برباد کیے جارہے ہیں۔ مرتضی وہاب کراچی کے سیکڑوں ہورڈنگ بورڈ کے پیسوں کا حساب دیں۔

حافظ نعیم الرحمن نے کہا کہ جماعت اسلامی کی حق دو کراچی کو تحریک جاری ہے، ہم پر امن طریقے سے اپنی جدوجہد جاری رکھیں گے۔  اس موقع پر نائب امرا کراچی برجیس احمد، ڈاکٹر اسامہ رضی، راجا عارف سلطان، محمد اسحاق خان، عبد الوہاب، سیکرٹری کراچی منعم ظفر خان، ڈپٹی سیکرٹریز کراچی عبد الرزاق خان، عبد الرحمن فدا، یونس بارائی، سیکرٹری اطلاعات زاہد عسکری ودیگر بھی موجود تھے۔