پی ٹی آئی کا موٹروے پر احتجاج، وفاقی دارالحکومت کے راستے بند کردیے

231

اسلام آباد: تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان پر لانگ مارچ کے دوران حملے کے خلاف پی ٹی آئی نے موٹر وے پر احتجاج کرتے ہوئے وفاقی دارالحکومت اسلام آباد جانے والے راستے بند کردیے۔

نجی ٹی وی کی رپورٹ کے مطابق تحریک انصاف نے ایک جانب راولپنڈی میں دھرنے ختم کرکے احتجاجی کیمپ جاری رکھنے کا اعلان کیا، وہیں احتجاجی حکمت عملی تبدیل کرتے ہوئے پی ٹی آئی رہنما نے ایم ون موٹروے انٹرچینج بند کرنے کا اعلان کردیا۔زلفی بخاری کی قیادت میں تحریک انصاف کے کارکنان موٹروے ایم ون  پر اسلام آباد ٹول پلازہ پر احتجاج کررہے ہیں۔

پی ٹی آئی مظاہرین نے احتجاج کرتے ہوئے موٹروے پر اسلام آباد آنے اور جانے والے راستے بند کردیے۔ زلفی بخاری کا کہنا ہے کہ عمران خان کا حکم ملنے تک موٹروے ایم ون انٹرچینج بند رہے گی۔ لاہور اور پشاور سے موٹروے کے ذریعے گاڑیاں اسلام آباد میں داخل نہیں ہوں گی۔

انہوں نے اعلان کیا کہ فتح جنگ روڈ اور موٹروے ایم ون انٹرچینج پر بیک وقت دھرنا جاری رہے گا۔ واضح رہے کہ زلفی بخاری کی قیادت میں قومی شاہراہ فتح جنگ کے مقام پر 4 دن سے دھرنا جاری ہے۔