وزیراعظم کا لانگ مارچ میں جاں بحق افراد کے لواحقین کیلیے امداد کا اعلان

188

اسلام آباد : وزیراعظم شہباز شریف نے پاکستان تحریک تحریک انصاف کے لانگ مارچ کے دوران مختلف واقعات میں جاں بحق ہونے والے افراد کے لواحقین کیلئے 50 لاکھ روپے فی کس امداد کا اعلان کردیا۔

وزیراعظم آفس سے جاری بیان میں کہا گیا ہے وزیراعظم شہباز شریف نے پی ٹی آئی کے لانگ مارچ کے دوران مختلف حادثات و واقعات میں انتقال کرجانے والے 4 افراد کے لواحقین سے تعزیت کا اظہار کرتے ہوئے اہل خانہ کیلئے 50 لاکھ روپے فی کس امداد کا اعلان کیا ہے۔

پاکستان تحریک انصاف کے لانگ مارچ کے دوران وزیر آباد میں عمران خان پر حملے کے دوران فائرنگ کی زد میں آکر بھروکے چیمہ کا رہائشی معظم گوندل، لانگ مارچ کے کنٹینر کے نیچے آکر اچھرہ لاہور کی رہائشی اور نجی ٹی وی کی رپورٹر صدف نعیم جاں بحق ہوگئے تھے۔

پی ٹی آئی لانگ مارچ کے دوران راہوالی کا رہائشی سمیر نواز اور لاہوری گیٹ کا رہائشی حسن بلوچ بھی زندگی کی بازی ہار گیا تھا۔وزیراعظم نے حکام کو ضروری کارروائی کے بعد تمام متاثرین کے لواحقین کو فوری طور پر امدادی رقم کے چیک پہنچانے کی بھی ہدایت کی ہے۔