پی ٹی آئی دھرنے کا تیسرا روز، راولپنڈی اسلام آباد کے شہری پریشان

334

راولپنڈی: عمران خان پر لانگ مارچ کے دوران حملے کے خلاف راولپنڈی میں آج احتجاجی دھرنے کے تیسرے روز بھی کارکنوں نے راستے بند کرکے مظاہروں کا سلسلہ جاری رکھا ہوا ہے۔

نجی ٹی وی کی رپورٹ کے مطابق اسلام آباد اور راولپنڈی مری روڈ سمیت مختلف مقامات پر پی ٹی آئی کارکنان آج تیسرے روز بھی احتجاج کررہے ہیں۔ مختلف مقامات پر جاری مظاہروں کی وجہ سے مری روڈ، پیرودھائی موڑ،  گلزار قائد اولڈ ائرپورٹ روڈ ،سرائے کال چوک ٹیکسلا ،رتہ شاہ چوک مارگلہ ،موٹر وے ایم ٹو، اسلام آباد لاہور ٹول پلازہ کے قریب سے بند کیے گئے ہیں۔

مظاہرین نے سواں پل  ایس او ایس ویلج کے قریب بھی راولپنڈی  کی جانب والے راستے کو بند کررکھا ہے جب کہ ٹریفک کو سڑک کے ایک جانب سے گزارا جا رہا ہے۔ سڑکیں اور راستے بند ہونے کے باعث مری میں ٹریفک  کا نظام آج تیسرے روز بھی شدید متاثر ہے۔

یوم اقبال کی عام تعطیل کے باعث تعلیمی ادارے اور سرکاری و نجی دفاتر بند رہے ،تاہم روز مرہ کے معمولات زندگی کے لیے جڑواں شہروں میں آمد رفت کے لیے شہریوں کو شدید پریشانی کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔ دوسری جانب جی ٹی روڈ سواں پل کے قریب دھرنے کے باعث مال بردار گاڑیوں کی طویل قطاریں لگ گئیں، جس سے مسافر گاڑیوں سمیت دیگر ٹریفک بھی جام ہوگیا۔