امریکا: زکام سے اسپتال میں داخلے کی شرح ایک عشرے میں بلند ترین سطح پر پہنچ گئی

323
influenza

نیویارک : امریکا میں زکام کے سبب اسپتال میں داخلے کی شرح ایک عشرے میں بلند ترین سطح پر پہنچ رہی ہے۔ ان میں بچے اور بزرگ سب سے زیادہ خطرے کی زد میں ہیں۔

سی این بی سی نے امریکی مراکز برائے امراض کی روک تھام و تدارک (سی ڈی سی)کا حوالہ دیتے ہوئے بتایا ہے کہ نوول کرونا وائرس وبا کے دوران ماسک اور سماجی دوری جیسے اقدامات کے سبب زکام اور سانس کے وائرس میں کمی واقع ہوئی تھی تاہم جیسے جیسے معمولات زندگی بحال ہورہے ہیں اور ماسک کے بغیر میل جول شروع ہوا ہے، وائرس بھی بڑے پیمانے پرحملہ آور ہورہے ہیں۔

سی ڈی سی کے اعدادوشمار کے مطابق رواں سیزن میں اب تک زکام سے 16 لاکھ افراد بیمار ہو چکے ہیں جس میں سے 13 ہزار افراد اسپتال میں داخل ہوئے اور 730 لقمہ اجل بن گئے۔

رپورٹ میں بتایا گیا ہےکہ اس وقت وائرس سے متاثرہ ہر ایک لاکھ افراد میں سے تقریبا 3 مریض زکام کے باعث اسپتال میں داخل ہو رہے ہیں، جو 2010 کے بعد سے بلند ترین شرح ہے۔رپورٹ میں مزید بتایا گیا ہے کہ اسپتال میں داخل ہونے کی موجودہ شرح 2019 میں وبا کے آغاز سے قبل آخری سیزن کی نسبت تقریبا 5 گنا زائد ہے۔