اعظم سواتی وڈیو: پی ٹی آئی کاچیئرمین سینیٹ سے استعفے کا مطالبہ

465

اسلام آباد: پاکستان تحریک انصاف نے چیئرمین سینیٹ صادق سنجرانی سے استعفے کا مطالبہ کردیا۔

سینیٹ میں پی ٹی آئی اور متحدہ اپوزیشن کی پارلیمانی پارٹی کا اجلاس ہوا جس کا اعلامیہ جاری کردیا گیا۔ پارلیمانی کمیٹی نے چیئرمین پی ٹی آئی اور سابق وزیراعظم عمران خان پر قاتلانہ حملے کی شدید الفاظ میں مذمت کی۔

شرکا نے حملے میں نامزد ملزمان پر فوری ایف آئی آر درج نہ ہونے پر شدید تحفظات کا اظہار کیا اور مطالبہ کیا کہ متاثرہ فریق کی درخواست کے مطابق فی الفور ایف آئی آر درج کی جائے تاکہ اس حملے کے مرتکب افراد کو کیفر کردار تک پہنچایا جائے۔

اعلامیے کے مطابق کمیٹی نے چئیرمین پی ٹی آئی عمران خان کی پریس کانفرنس میں کیے گئے چاروں مطالبات کی پرزور تائید کی، کمیٹی نے سپریم کورٹ سے ان چاروں مطالبات پر فوری ایکشن کی توقع ظاہر کی۔

اجلاس میں سینیٹراعظم سواتی کے ساتھ بہیمانہ، غیر انسانی اور غیر اخلاقی سلوک کی شدید الفاظ میں مذمت کی گئی، پارلیمانی پارٹی نے قائم کردہ اسپیشل کمیٹی کو یکسر مسترد کردیا، ایوان کے معزز ممبر اعظم سواتی کے ساتھ تقدس کی پامالی پر چئیرمین سینیٹ صادق سنجرانی سے استعفی کا مطالبہ کردیا۔