دوست مزاری دادا کی نماز جنازہ میں شرکت کے لیے پیرول پر رہا

302
Dost Mazari

لاہور : سابق ڈپٹی اسپیکر پنجاب اسمبلی دوست محمد مزاری کو دادا کی نماز جنازہ میں شرکت کے لیے پیرول پر رہا کردیا گیا۔

29اکتوبر کو محکمہ اینٹی کرپشن نے سابق ڈپٹی اسپیکر دوست محمد مزاری کو اراضی اسکینڈل میں گرفتار کیا تھا اور وہ جوڈیشل ریمانڈ پر جیل میں تھے ۔ دوست محمد مزاری نے دادا کی نماز جنازہ کے لیے ڈپٹی کمشنر کو درخواست دی تھی۔

جیل حکام کے مطابق ڈپٹی کمشنرکے حکم پر دوست مزاری کو 48گھنٹوں کے لئے کیمپ جیل سے رہائی دی گئی۔ لاہورپولیس کے خصوصی اسکواڈ کی نگرانی میں کیمپ جیل سے روانہ کیا گیا۔

واضح رہے کہ روجھان مزاری میں مزاری قبیلہ کے چیف میر بلخ شیر مزاری جمعہ کی شب لاہور کے نجی اسپتال میں انتقال کرگئے تھے۔ بلخ شیرمزاری نہ صرف ضلع راجن پور بلکہ ڈی جی خان ڈویژن اور بلوچستان کے ضلع ڈیرہ بگٹی میں اہم سیاسی کردار تھے۔

مرحوم منحرف ایم این اے سردار ریاض محمود مزاری اور سابق صوبائی وزیرایکسائز پنجاب سردار زاہد محمود مزاری ،سابق چیئرمین وزیراعلی معائنہ ٹیم پنجاب سردار طارق مزاری کے والد اورسابق ڈپٹی اسپیکر پنجاب اسمبلی سردار دوست محمد مزاری کے دادا تھے۔