پی ٹی آئی اپنی ناکامی کا غصہ عوام کو تکلیف میں ڈال کر نکال رہی ہے، وزیرداخلہ

233
four bullets

اسلام آباد:وفاقی وزیر داخلہ رانا ثنااللہ کہا ہے کہ وزیر آباد واقعہ کے بعد پی ٹی آئی کی بھر پور مہم جوئی اور عمران خان کی کال کو عوام نے یکسرمسترد کردیاہے۔

ہفتے کو سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر اپنے بیان میں رانا ثنااللہ نے کہا کہ درجن بھرکارکنوں کے علاوہ احتجاج میں عوام کی عدم شرکت نے ثابت کردیا کہ پی ٹی آئی کے فتنہ اورانتشار عوام کی حمایت حاصل نہیں۔پاکستان کے عوام رواداری، عزت اور احترام کی سیاست اور جمہوری رویوں پر یقین رکھتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ دو روز سے پولیس کی پروٹیکشن اور صوبائی حکومتوں کی ایما کے ساتھ پی ٹی آئی حکومت کا سڑکیں بلاک کرنا اور قومی شاہراہوں کو بند کرنا قابل مذمت اور باعث شرم ہے۔ پی ٹی آئی اپنی فسطائی سیاست کی ناکامی کا غصہ عوام کو مشکلات اور تکلیف میں ڈال کر نکال رہی ہے۔

وزیر داخلہ کا کہنا تھا کہ سڑکیں بند ہونے کی وجہ سے عوام انتہائی مشکل کا شکار ہیں، اپنی منزلوں پر پہنچنے سے قاصر ہیں، مریض ہسپتالوں کا رخ نہیں کرسکتے۔ پنجاب حکومت کی خاموشی اور احتجاجی کارکنوں کے اس غیر قانونی عمل میں معاونت قابل مذمت ہے۔

انہوں نے وزارت داخلہ کے ذریعے حکومت پنجاب سے مطالبہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ پنجاب اور خیبر پختونخواہ کی حکومتیں مٹھی بھر کارکنان کی پشت پناہی سے باز رہیں۔انہوں نے کہا کہ صوبائی حکومتیں عوام کو تکلیف پہنچانے اور قومی شاہراہوں کو بند کر نے کے عمل کو فی الفور روکیں،آئی جی پنجاب اور چیف سیکرٹری قانون کی خلاف ورزی کرنے والوں کو حراست میں لیکر تادیبی کارروائی کریں۔