حکومت کا آئندہ 15 روز کیلیے پٹرولیم مصنوعات کی قیمتیں برقرار رکھنے کا اعلان

283

اسلام آباد: حکومت نے آئندہ 15 روز کے لیے پٹرولیم مصنوعات کی قیمتیں برقرار رکھنے کا اعلان کردیا ہے۔

وفاقی وزیر خزانہ اسحاق ڈار نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے اعلان کیا ہے کہ آئندہ 15 دن کے لیے پٹرول، ڈیزل، لائٹ ڈیزل اور مٹی کے تیل کی موجودہ قیمتیں برقرار رہیں گی۔

وزیر خزانہ نے کہا کہ پٹرول کی قیمت 224 روپے 80پیسے، ڈیزل کی فی لیٹر قیمت 235 روپے 30 پیسے برقرار رہے گی۔مٹی کے تیل کی قیمت 191 روپے 83 پیسے فی لیٹر اور لائٹ ڈیزل آئل کی قیمت 186 روپے 50 پیسے برقرار رہے گی۔

واضح رہے کہ ملک میں پٹرول کی قیمت 224 روپے 80 پیسے ہے، جس پر حکومت 32.42 روپے پٹرولیم لیوی حاصل کر رہی ہے۔ڈیزل کی قیمت 235.30 روپے ہے جس پر پٹرولیم لیوی 12.58 روپے ہے۔ مٹی کے تیل کی قیمت 191.83 روپے ہے جس پر پٹرولیم لیوی 15 روپے لگی ہے۔ لائٹ ڈیزل کی قیمت 186.50 روپے کی سطح پر ہے اور پٹرول لیوی 10 روپے حاصل کی جا رہی ہے۔

وزیرخزانہ کا کہنا تھا کہ انکم ٹیکس گوشوارے جمع کرانے کی تاریخ میں بھی ایک ماہ کی توسیع کردی گئی ہے جبکہ 3 ماہ سے پھنسی ہوئی ایل سی میں رعایت دینے اور یکم نومبر سے ایک لاکھ ڈالر مالیت تک کی ایل سیز کلیئر کرنے کا اعلان کیا ہے ۔

وزیر خزانہ کے مطابق پہلے 50 ہزار ڈالر تک ایل سی کو کلیئر کرنے کی اجازت دی تھی اس فیصلے سے اب مزید 1350 ایل سیز فوری کلیئر ہوجائیں گی۔ وزیر خزانہ کا کہنا تھا کہ پہلے 4350 ایل سیز کلیئر کراچکے ہیں جبکہ مجموعی طور پر 8 ہزار سے زائد ایل سی رکی ہوئی تھیں۔