ملک کے سب سے بڑے مافیاؤں کو ہمارے اوپر مسلط کیا گیا،عمران خان

324

گوجرانوالہ: پاکستان تحریک انصاف کے چیئر مین اور سابق وزیراعظم نے کہا ہے کہ ملک کے سب سے بڑے مافیاؤں کو ہمارے اوپر مسلط کیا گیا ہے۔ قوم تب آزاد ہوگی جب طاقت ور اور غریب کےل یے قانون ایک ہوگا۔

گوجرانوالہ کے علاقے موڑ ایمن آباد میں لانگ مارچ کے شرکا سے خطاب کرتے ہوئے عمران خان نے کہا کہ لانگ مارچ کو اسلام آباد پہنچنے کے لیے 8 سے 9 دن لگیں گے۔لوگوں نے راستے میں بہت پیار دیا، دیر سے پہنچنے پر معذرت کرتا ہوں۔یہ سیاست نہیں ملک کو حقیقی آزادی دلانے کےلیے جہاد ہے۔قائداعظم کے شکرگزارہوں، انہوں نے ہمیں آزادی دلائی تھی۔آپ سب کواسلام آباد لے جانے کا مقصد یہ ہے کہ قوم حقیقی طور پر آزاد ہو۔

انہوں نے کہا کہ قوم تب آزاد ہو گی جب طاقتور اور غریب کے لیے ایک قانون ہو گا۔یہ نہیں ہوسکتا بڑا ڈاکو این آر او لے کر وزیراعظم بن جائے، جیلوں میں صرف چھوٹے غریب چور نظر آتے ہیں۔چھوٹا چور تو زیادہ سے زیادہ سائیکل چوری کرتا ہے، یہ تو ملک لوٹ کر بھاگ گئے۔جوتے پالش کرنے والے شہبازشریف کی 16ارب کی چوری پکڑی گئی۔ٹی ٹی کیس میں شہبازشریف کی 8 ارب کی چوری پکڑی گئی۔24 ارب کا ڈاکا مارنے والے کو وزیراعظم بنا دیا گیا ہے۔

نجی ٹی وی کے مطابق سابق وزیراعظم کا کہنا تھا کہ رانا ثنا اللہ نے 18قتل کیے۔سب سے بڑے جرائم پیشہ شخص رانا ثنا اللہ کو وزیرداخلہ بنا دیا گیا۔ ماڈل ٹاؤن میں دن دیہاڑے قتل کیے گئے۔اسحاق ڈارنے بیان حلفی دیا کہ شریف خاندان کے لیے منی لانڈرنگ کرتا رہا۔بھگوڑا نوازشریف سزا یافتہ ہیں۔نواز شریف نے لندن میں سب سے مہنگے علاقے میں مریم نوازکے نام پر فلیٹ خریدے۔افسوس ملک کی بدقسمتی کہ جج نے بری کر دیا۔کہا فلیٹس ثابت کرو، ثابت کیا کرتے نوازشریف اوران کے بچوں نے خود تسلیم کیا۔امپورٹڈ حکمرانوں نے نیب میں اپنا بندہ بٹھا دیا جو کہتا ہے فلیٹ ان کے نام ثابت نہیں کرسکتا۔

عمران خان نے کہا کہ وہ قومیں تباہ ہوجاتی ہیں جہاں بڑے چور کو انصاف کا نظام نہ پکڑ سکے۔ کفر کا نظام چل سکتا ہے، ناانصافی کا نہیں۔ملک کے سب سے بڑے مافیاؤں کو ہمارے اوپر مسلط کیا گیا۔مشرف نے پہلے نواز شریف، زرداری کو نکالا پھر اپنی کرسی بچانے کے لیے انہیں این آر او دیا۔ان دونوں نے این آر او کے بعد 10 سال ملک لوٹا۔بند کمرے میں فیصلہ کر کے پھر ان چوروں کو مسلط کر دیا گیا۔ہمارے دورمیں انڈسٹریزتیزی سے ترقی کررہی تھی، انہوں نے آتے ہی معیشت کا بیڑہ غرق کردیا۔

عمران خان کا کہنا تھا کہ ہمارے دور میں کورونا کے باوجود معیشت تیزی سے ترقی کر رہی تھی، ہمارے دورمیں ریکارڈ ٹیکس اکٹھا کیا گیا، ہمارے دور میں ملک خوشحالی کی طرف جا رہا تھا، ساری قوم نے چوروں، مافیاؤں کو مسترد کر دیا ہے۔نواز شریف سے جب منی ٹریل پوچھی جائے تو دم دبا کر بھاگ جاتا ہے۔وہاں جا کر ڈیل کرتا ہے، جب ڈیل ہوتی ہے تو پھر واپس آ جاتا ہے۔اب بھگوڑا چاہتا ہے پاکستان میں ماحول سازگار اور طاقتور حلقوں سے انڈرسٹینڈنگ ہو۔انہوں نے کہا کہ نوازشریف اور تمہارے ہینڈلرز سن لیں یہ پاکستانی قوم ہے۔گائیں، بھینسیں نہیں ہیں۔انہیں گائے، بھینسوں کی طرح ڈنڈے مار کر اِدھر ادھر نہیں کر سکتے۔یہ دنیا کے سب سے عظیم لیڈر نبی کریمؐ کی امت ہے۔

انہوں نے کہا کہ اگر زبردستی چوروں کی حمایت کرنے کا کہیں گے تو قوم آپ کے خلاف ہو جائے گی۔اداروں کی عزت تب ہوتی ہے جب قوم عزت کرتی ہے۔ادارے اپنے فیصلوں سے عزت کراتے ہیں۔جو بھی ان کا ساتھ دے گا قوم ان کے خلاف ہو جائے گی۔ اداروں کی مضبوطی تب ہو گی جب قوم پیچھے کھڑی ہو گی۔بھیڑ، بکریاں تو ان کے پیچھے لگ جائیں گی، پاکستانی قوم نہیں۔ہم اسلام آباد پہنچ رہے ہیں۔8 سے 9 دن اسلام آباد پہنچنے میں لگیں گے۔گلگت بلتستان، سندھ، بلوچستان، خیبرپختونخوا سے قافلے اسلام آباد کی طرف نکلیں گے۔اسلام آباد پہنچنے میں ہمیں دیرلگ رہی ہے۔