پی ٹی آئی کے پاس پلان بی اور سی بھی موجود ہے ، اسد عمر کا دعویٰ

252

اسلام آباد : پاکستان تحریک انصاف کے سیکرٹری جنرل اسد عمر نے کہا کہ اسلام آباد پہنچنے پر ہمارے پاس پلان بی اور سی بھی موجود ہے ۔

نجی ٹی وی کے پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے اسد عمر نے کہا کہ جب ہم اسلام آباد پہنچیں گے تو ہمارے پاس پلان بی اور سی بھی موجود ہوگا جو کہ ڈسکس ہو چکا ہے ، ہم جو بھی کریں گے آئین و قانون کے دائرے میں رہتے ہوئے کریں گے ، میں مزید تفصیل نہیں بتا سکتا۔

انہوں نے ایک سوال کے جواب میں کہا کہ میں نے کبھی نہیں کہا کہ ہفتے کی رات کوئی مذاکرات ہو رہے تھے جس کے باعث عمران خان لاہور گئے ، میں نے کہا تھا کہ پارٹی کی میٹنگ ہو رہی ہے ، عمران خان اس میں شرکت کے لیے گئے ہیں ۔اسد عمر نے مذاکرات کے لیے رابطہ کیے جانے کی تمام افواہوں کی تردید کرتے ہوئے کہا کہ مذاکرات کے لیے حکومت کی جانب سے کوئی رابطہ نہیں کیا گیا۔

اسد عمر نے کہا کہ ہم تو متعدد بار بول چکے ہیں کہ وزیر اعظم اعلان کریں کہ پاکستان بد ترین بحران کا شکار ہے اور وہ الیکشن کی بات کریں تو ہم ان سے بات کریں گے ، الیکشن کے ساتھ وہ اور بھی کوئی بات کرنا چاہتے ہیں تو ہم کرنے کو تیار ہیں ۔ اگست میں انتخابات کا فارمولہ پیش کرنے کی بات الیکشن نہ ہونا ہی ہے ۔ حکومت جب سنجیدہ ہو جائے گی تو دیکھیں گے ، مسلم لیگ (ن) کی سیاست دفن ہو رہی ہے ۔ ہمارے حکومت سے کبھی مذاکرات نہیں ہوئے ، ایک سیشن بھی نہیں ہوا۔

ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ صدر صاحب نے ایک کوشش کی تھی ، اس میں ایک ملاقات ہوئی تھی جس کا ذکر عمران خان صاحب کر چکے ہیں، مگر ان مذاکرات کا حکومت سے کوئی تعلق نہیں، ان مذاکرات میں بھی عمران خان صاحب نے مطالبہ کیا تھا کہ انتخابات کرائے ہیں اس کے علاوہ مذاکرات کی خبروں میں کوئی صداقت نہیں۔