اقوام متحدہ کا انسداد دہشت گردی کمیٹی اجلاس، بھارتی پروپیگنڈا مسترد

352

اسلام آباد: پاکستان نے اقوام متحدہ( یو این ) کی انسداد دہشت گردی کمیٹی اجلاس میں بھارت کا بے بنیاد پروپیگنڈا مسترد کر دیا ۔

ترجمان دفتر خارجہ کی جانب سے جاری کردہ بیان کے مطابق بھارت نے یو این کی سلامتی کونسل کی ایک اہم کمیٹی کا غلط استعمال کیا، عالمی برادری کو عالمی دہشتگردی کیخلاف پاکستان کے کردار پرگمراہ کیا، بھارت کی ہتک آمیز حرکتیں کمیٹی کے مقاصد اور مینڈیٹ کو نقصان پہنچاتی ہیں اور قابل مذمت ہیں، بھارت نے جان بوجھ کر ممبئی حملہ کیس کی عدالتی کارروائی کو روکا ہوا ہے، بھارت کیس کی قانونی کارروائی کو غیر منصفانہ طور پر طول دینے کی کوششوں کے لیے جوابدہ ہونا چاہیے۔

دفتر خارجہ کے ترجمان کے مطابق ممبئی میں سی ٹی سی کے آج کے اجلاس میں بھارت کی ناروا مداخلت ایک بار پھر پاکستان کے دیرینہ خدشات کی تصدیق کرتی ہے، بھارت صرف پاکستان کو بدنام کرنے کے لیے انسداد دہشتگردی کے عالمی فورمز پر سیاست کرنے میں دلچسپی رکھتا ہے، بھارت کو یاد رکھنا چاہیے کہ ممبئی حملوں کا معاملہ عدالت میں ہے، دہشت گردی کے خلاف عالمی جنگ میں پاکستان کے کردار کو عالمی برادری نے تسلیم کیا ہے

ترجمان کے مطابق بھارت اپنی اور دوسرے ممالک کی سرزمین استعمال کرتا ہے، بھارت پاکستان کیخلاف دہشتگردی کی حمایت میں ملوث رہا ہے، پاکستان میں رنگے ہاتھوں پکڑا جانے والا بھارتی جاسوس کلبھوشن یادیو زندہ ثبوت ہے۔ کالعدم ٹی ٹی پی اور دیگر عالمی دہشتگرد تنظیموں کے ساتھ ہندوستانی تعاون بھی مشہور ہے، بھارت کی منافقت بھارتی غیر قانونی طور پر مقبوضہ جموں و کشمیر میں اس کی ریاستی دہشتگردی سے بھی عیاں ہے۔