ایلون مسک نے ٹوئٹر کا کنٹرول سنبھالتے ہی تین بڑے عہدیدار فارغ کردیے

603

واشنگٹن: مائکرو بلاگنگ ویب سائٹ ٹوئٹر کو رواں برس اپریل میں 44 ارب ڈالر میں خریداری کا معاہدہ کرنے کے بعد خریداری سے مکر جانے والے دنیا کے امیر ترین شخص ایلون مسک نے ٹوئٹر کا کنٹرول سنبھال لیا۔

امریکی خبر رساں ادارے کے مطابق ٹوئٹر سے منسلک رہنے والے متعدد ذرائع نے تصدیق کی کہ ایلون مسک نے 27 اور 28 اکتوبر کی درمیانی شب مائکرو بلاگنگ ویب سائٹ کا کنٹرول سنبھالا۔رپورٹ میں بتایا گیا کہ ایلون مسک کی جانب سے ٹوئٹر کا کنٹرول سنبھالے جانے کے فوری بعد انہوں نے اس کے چیف ایگزیکیوٹیو افسر(سی ای او) بھارتی نژاد پراگ اگروال، اعلیٰ قانونی اور پالیسی ایگزیکیوٹیو وجیہ گڈے، چیف فائنانشل افسر (سی ایف او) نیڈ سیگال اور جنرل کونسلر سیان ایڈجیٹ کو فارغ کردیا۔

رپورٹ کے مطابق ٹوئٹر سے منسلک ذرائع کے مطابق فوری طور پر یہ واضح نہیں ہوسکا کہ ایلون مسک اور ٹوئٹر کے درمیان خریداری کا معاہدہ اب مکمل طور پر ختم ہوچکا یا ابھی اس میں تبدیلیاں ہوں گی، تاہم ایلون مسک نے ٹوئٹر کا انتظام سنبھال لیا۔ایلون مسک نے بھی اپنی ٹوئٹس میں بتایا کہ وہ ٹوئٹر کے ہیڈکوارٹر میں داخل ہوگئے اور انہوں نے عمارت میں داخل ہونے کی ویڈیو بھی شیئر کی۔بعد ازاں انہوں نے مختصر ٹوئٹ کی کہ پرندہ آزاد ہوگیا ان کا اشارہ ٹوئٹر کے پرندے والے لوگو کی جانب تھا۔

ایلون مسک نے ایک اور ٹوئٹ میں اشتہارات دینے والی کمپنیوں اور اداروں کے لیے بھی ایک پوسٹ شیئر کی، جس میں انہوں نے ان کے ساتھ کام جاری رکھنے کا عزم ظاہر کیا۔اسی پوسٹ میں انہوں نے بتایا کہ انہوں نے ٹوئٹر کو مزید دولت بنانے کے لیے نہیں خریدا بلکہ اسے انسانیت کی خدمت اور بہترین معاشرے کی تشکیل کے لیے خریدا ہے اور انہیں یقین ہے کہ وہ اشتہارات دینے والوں کے تعاون سے ایسا کرنے میں کامیاب جائیں گے۔