امریکی اسپیکر نینسی پلوسی کی رہائش گاہ میں گھس کر شوہر پر ہتھوڑے سے حملہ

418

واشنگٹن: امریکی ایوانِ نمائندگان کی اسپیکر نینسی پلوسی کی رہائش گاہ میں گھس کر ان کے شوہر پر حملہ کیا گیا ہے۔

بین الاقوامی خبر رساں اداروں کے مطابق حملہ آور نے ہفتے کی صبح پال پلوسی پر ان کی رہائش گاہ میں گھس کر ہتھوڑے سے حملہ کیا۔امریکی میڈیا کے مطابق 82 سالہ پال پلوسی کی حالت خطرے سے باہر ہے، جب کہ حملہ آور پولیس کی حراست میں ہے اور حملہ کی وجہ جاننے کے لیے پولیس تفتیش جاری ہے۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق پال پلوسی کے سر میں فریکچر کی سرجری کی گئی ہے اور ان کے بائیں بازو میں بھی گہرے زخم آئے ہیں۔اسپیکر نینسی پلوسی کی اپنے شوہر سے آپریشن سے قبل بات کروائی گئی تھی۔اسپیکر نینسی پلوسی کے ترجمان کے مطابق اسپیکر نینسی پلوسی واشنگٹن سے سان فرانسسکو کے لیے روانہ ہوئیں۔ ڈاکٹروں نے امید ظاہر کی ہے کہ پال بہت جلد ریکور ہو جائیں گے۔

واقعے کے وقت پال پلوسی نے پولیس کو کال کر دی تھی اور فون کاٹے بغیر رکھ دیا تھا تا کہ سامنے والا گھر میں گھسنے والے حملہ آور کے ساتھ ان کی گفتگو سن سکے۔سان فرانسسکو پولیس کا کہنا تھا کہ جب پولیس نینسی پلوسی کے گھر پہنچی تو حملہ آور ہتھوڑے سے حملہ کر رہا تھا، جس کے بعد پولیس نے فوری طور پر اسے روک کر گرفتار کر لیا۔پولیس کا کہنا تھا کہ تاحال حملے کے محرکات کے حوالے سے کچھ نہیں کہا جا سکتا لیکن شبہ ہے کہ حملہ آور اسپیکر نینسی پلوسی پر حملے کی غرض سے گھر میں داخل ہوا تھا تاہم وہ گھر پر موجود نہیں تھیں۔