ارشد شریف کو میں نے بیرون ملک جانے کا مشورہ دیا تھا، عمران خان

406

پشاور: چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان نے کہا ہے کہ لوگ کچھ بھی کہیں، ارشد شریف کو ٹارگٹ کلنگ کا نشانہ بنایا گیاہے۔ انہوں نے کہا کہ صحافی ارشد شریف کوملک سے باہر جانے کا مشورہ میں نے دیا تھا۔

نجی ٹی وی کی رپورٹ کے مطابق پشاور میں وکلا کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے عمران خان کا کہنا تھا کہ مجھے پتا چلا تھا ارشد شریف کو ماریں گے، انہیں دھمکیاں بھی ملتی تھیں اور پھر میں نے ہی ارشد شریف کو مشورہ دیا تھا کہ وہ ملک چھوڑ دیں۔ انہوں نے میری بات نہیں مانی لیکن بعد میں ارشد شریف ملک سے باہر چلے گئے۔ عمران خان نے کہا کہ لوگ جو کچھ بھی کہیں، ارشد شریف کو ٹارگٹ کیا گیا ہے۔ اس نے جان دے دی لیکن کسی کے سامنے نہیں جھکا۔

سابق وزیر اعظم نے نام لیے بغیر کہا کہ اِنہوں نے ارشد شریف کو واپس بلا کر اعظم سواتی جیسا سلوک کرنا تھا۔ ارشد شریف کے ضمیر کی کوئی قیمت نہیں تھی،یہی وجہ ہے کہ اسے خریدا نہیں جا سکا۔ عمران خان نے کہا کہ 75 سالہ اعظم سواتی کوبرہنہ کرکے تشدد کیا گیا۔ چیئرمین پی ٹی آئی نے کہا کہ اللہ نے کسی کو نیوٹرل رہنےکی اجازت نہیں دی۔انصاف قائم نہ ہواتوپھرہمارےاورجانوروں کےمعاشرےمیں کوئی فرق نہیں۔

عمران خان نے مزید کہا کہ 30سال کےکرپٹ لوگ حکومت میں آگئے، سرٹیفائیڈ چوروں کیخلاف کوئی بات کرے تو سارے نامعلوم افراد آکر اسے ڈراتے دھمکاتے ہیں۔ملک اس وقت دوراہےپرکھڑاہے۔میں30سال سےجن کےخلاف جنگ لڑرہاہوں وہ آج اکٹھےہوگئے۔ میں ساری قوم سے کہتا ہوں کہ میرےساتھ کھڑےنہ ہوئےتوآپ کامستقبل خطرےمیں ہے ، مجھےکوئی فرق نہیں پڑتا،یہ آپ کےمستقبل کاسوال ہے۔