ٹی 20 ورلڈکپ: سری لنکا نے سپر 12 مرحلے کیلیے کوالیفائی کر لیا

258

جی لانگ : ٹی20 ورلڈکپ میں کوالیفائنگ راؤنڈ کے نویں میچ میں سری لنکا نے نیدرلینڈز کو 16 رنز سے شکست دے کر ایونٹ میں 4 قیمتی پوائٹس سمیٹ کر سپر 12 مرحلے کے لیے کوالیفائی کر لیا۔

جی لانگ میں کھیلے گئے میچ میں سری لنکا نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کرنے کا فیصلہ کیا اور مقررہ 20 اوورز میں 6 وکٹوں کے نقصان پر 162 رنز سکور کیے۔لنکن ٹائیگرز کی جانب سے کوشل مینڈس نے 5 چوکوں اور 5 چھکوں کی مدد سے 79 رنز کی اننگز کھیلی۔دیگر بلے بازوں میں پاتھون نسانکا 14، دھننجایا ڈی سلوا 0، چارتھ اسالنکا 31، بھانوکا راجا پاکسے 19 اور کپتان داسن شاناکا 8 رنز بناسکے، نیدرلینڈز کی جانب سے پال وین میکرین اور بس ڈی لیڈز نے 2، 2 جبکہ فریڈ کلاسن نے ایک وکٹ حاصل کی۔

ہدف کے تعاقب میں نیدرلینڈز کا آغاز اچھا نہ رہا۔میکس او ڈاڈ کے علاوہ کوئی بیٹر لنکن بالرز کے خلاف مزاحمت نہ کرسکا۔ انہوں نے 5 چوکوں اور 3 چھکوں کی مدد سے 65 رنز کی اننگز کھیلی جبکہ دیگر بیٹرز میں وکرم جیت سنگھ 7، بس ڈی لیڈز 14، کولن ایکرمین 0، ٹام کوپر 16، کپتان اسکاٹ ایڈورڈز 21، ٹم پرنگل 2 اور فریڈ کلاسن 3 رنز بناکر نمایاں رہے۔سری لنکا کی جانب سے وینندو ہسرنگا نے 3، مہیش تھیکشنا 2 جبکہ لاہیرو کمارا ایک وکٹ حاصل کرنے میں کامیاب ہوئے۔