پی پی، پی ڈی ایم اور پی ٹی آئی امریکی ایجنٹ اور کئی معاملات پر ایک ہیں، سراج الحق

329

کندھ کوٹ / میہڑ: امیر جماعت اسلامی سراج الحق نے کہا ہے پی پی، پی ڈی ایم اور پی ٹی آئی امریکا کے ایجنٹ ہیں اور  کشمیر کی سودے بازی سے لے کر دفعہ 62 کے خاتمے اور ٹرانس جینڈر بل تک سب متفق ہیں۔

ضلع دادو کے تحصیل مقام میہڑ بائی پاس پر سیلاب متاثرین کی امداد میں تاخیر و کرپشن کے خلاف منعقدہ احتجاجی جلسے سے خطاب کرتے ہوئے امیر جماعت اسلامی کا کہنا تھا کہ اسلامی نظام کا راستہ روکنے کےلیے امریکایہاں حکومت اور اپوزیشن بھی اپنی مرضی کی پلان کرتا ہے۔انہوں نے کہا کہ جماعت اسلامی نبی مہربانؐ  کے نقش قدم پر چلنے والی جماعت ہے جو ملک میں نظام مصطفیٰ کا نفاذ چاہتی ہے۔ ظلم کے نظام کے خاتمے، اسلامی و خوشحال پاکستان کے لیے عوام جماعت اسلامی کا ساتھ دیں۔

سراج الحق نے کہا کہ وزیر اعظم شہباز شریف کے اعلان کردہ 70 ارب میں سے تاحال عوام کو کچھ نہیں ملا۔ چینی و آٹا چور حکمرانوں نے مظلوم عوام کو لاوارث چھوڑدیا ہے۔سیلاب متاثرین کی امداد وبحالی کے لیے وفاقی و صوبائی حکومت ایک پیج پر نہیں ہے۔ چیف جسٹس کے حکم کے باوجود ریاست و حکومت 4 برس میں بھی سندھ کی مظلوم بیٹی ام رباب کو انصاف نہیں دے سکی۔

قبل ازیں جلسہ سے مرکزی نائب امیر اسداللہ بھٹو، صوبائی امیر محمد حسین محنتی و دیگر صوبائی و مقامی رہنماؤں نے بھی خطاب کیا۔ سراج الحق نے مزید کہا کہ سندھ کا سب سے بڑا مسئلہ پیپلزپارٹی کی قیادت میں یہاں کے جاگیردار اور وڈیرہ شاہی ہے۔جن کے کتوں،گھوڑوں اور بلیوں کے لیے دودھ و شیمپو فرانس سے منگوایا جاتاہے،مگر سندھ کے غریب عوام غربت و افلاس کی زندگی گزارنے پر مجبور ہیں۔

انہوں نے کہا کہ پیپلزپارٹی 1970ء سے سندھ پر برسراقتدار ہے مگر یہ سندھ وعوام کی دشمنی میں بھارت سے بھی زیادہ خطرناک ثابت ہوئے ہیں۔ پیپلزپارٹی نے آئندہ نسلوں کو بھی تباہ کردیا ہے جس کا نعرہ اب صرف کھاؤ پیو اور عیش کرو ہے۔ سیلاب کی وجہ سے 18 ہزار اسکول متاثر اور لاکھوں بچے تعلیم کے زیور سے محروم ہوگئے ہیں۔ جماعت اسلامی کے 50 ہزار کارکنان دن رات ڈھائی مہینوں سے مسلسل سیلاب زدگان کی خدمت مصروف ہیں۔

امیر جماعت اسلامی سندھ محمد حسین محنتی نے کہاکہ ایٹم بم اور بہترین فوج رکھنے والا ملک ڈھائی مہینے گزرجانے کے باوجود شہروں و فصلوں سے پانی نہیں نکال سکا اور نہ ہی مکمل طور راستے بحال کیے۔ جماعت اسلامی اقتدار میں نہ ہونے کے باوجود عوام کی خدمت کر رہی ہے۔انہوں زور دیا کہ شہروں و دیہات اور فصلوں سے پانی نکالنے کے لیے فوری اقدامات کیے جائیں۔

دریں اثناء مرکزی امیر سراج الحق نے کندھ کوٹ میونسپل اسٹیڈیم میں منعقدہ احتجاجی جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ آج بھی عدالتوں میں انگریز کا نظام ہے۔ انگریز کی کتاب سے عدالتوں میں انصاف ممکن نہیں۔ سندھ کے سیلاب متاثرین کے مسائل کے لیے جرگہ بٹھارہے ہیں، سندھ کے سیلاب متاثرین کی حکومتوں نے مدد نہیں کی۔ سندھ میں کوئی نظام نہیں ہے۔ سندھ کے ایم این ایز اور ایم پی ایز نے باہر سے آنے والے سامان کو اپنے ہاں چھپالیاہے۔

انہوں نے کہا کہ سندھ کے عوام اسلامی نظام اور جماعت اسلامی کی کامیابی کے لیے جدوجہد میں ساتھ دیں۔